ہزارہ یونیورسٹی کے وفد کا یونیورسٹی آف ہری پور کا دورہ، تینوں یونیورسٹیوں میں اکیڈمک میپنگ اور ڈگری پروگراموں بارے تبادلہ خیال

19
Hazara University
Hazara University

ہری پور۔ 8 جولائی (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف لااینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین، ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر انعام اﷲ، فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر شاکر اﷲ، فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر صالح محمد، فیکلٹی آف سائنس کمپلیکس آف نیچرل سائنسز ڈاکٹر خرم جمال اور پی ایس ٹو وائس چانسلر عامر جاوید پر مشتمل وفد نے یونیورسٹی آف ہری پور کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے ہزارہ یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام کا استقبال کیا۔ انہوں نے اکیڈمکس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اے آئی سروسز اور فیچرز کو شامل کر کے تعلیمی بہتری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بحث کا آغاز کیا۔

وائس چانسلر نے ہزارہ یونیورسٹی، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف ہری پور میں اکیڈمک میپنگ اور باہمی ڈگری پروگرامز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی آن لائن سہولت پر توجہ دیں۔ میٹنگ کے بعد شرکاکانفرنس روم میں چلے گئے جہاں وائس چانسلر نے یونیورسٹی آف ہری پور کی اکیڈمک فیکلٹیز، انفراسٹرکچر، طلبہ کےلئے دستیاب سہولیات، گورننس، مالیاتی استحکام اور یونیورسٹی آف ہری پور میں جاری منصوبوں اور سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ وائس چانسلر نے ٹرمینل امتحانات کے بخوبی انعقاد کی ذمہ داری پوری کرنے پر تمام ڈینز اور متعلقہ عملہ کو سراہا۔

وائس چانسلر نے آنے والے سمسٹر میں داخلوں کی تعداد میں بہتری اور داخلوں کی حکمت عملی پر نظرثانی کرنے پر بھی تبادلہ خیال جبکہ وقت، پیسہ بچانے اور وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کےلئے ڈیجیٹلائزیشن اور کاغذی ماحول کی ضرورت پر مزید زور دیا۔ انہوں نے ڈینز سے کہا کہ وہ فیکلٹی اور محکموں کے درمیان ایک مربوط نظام کےلئے جائیں۔ بعد ازاں ہزارہ یونیورسٹی کے تمام عہدیداران نے محکمہ آئی ٹی اور شعبہ حیاتیاتی اور ہیلتھ سائنسز کی لائبریری اور لیبز کا دورہ کیا۔