ہسپتالوں اورطبی مراکز میں سہولیات میں اضافہ کیلئے سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت 9.073 ارب روپے کے قرضوں کا اجرا

73

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں اورطبی مراکز میں سہولیات میں اضافہ کیلئے سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت اب تک 9.073 ارب روپے کے قرضہ جات کا اجرا کردیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک نے وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں اس سکیم کا آغازکیا تھا، سکیم کا مقصد وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں، طبی مراکز اورفارمیسیز کی استعدادکارمیں اضافہ اورقرنطینہ سہولیات کی فراہمی میں مدد دینا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اس سکیم کے تحت اب تک 46 ہسپتالوں، طبی مراکز اورفارمیسیزکی جانب سے 13.813ارب روپے مالیت کے قرضوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 42 درخواستوں کی منظوری دی گئی اوران ہسپتالوں وطبی مراکزکو 9.073 ارب روپے کے قرضوں کااجرا کردیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے معاونتی سکیم کے تحت ہسپتال اورطبی مراکز کے لئے پہلے قرضہ کی حد 20 کروڑروپے مقررکی تھی جسے بعدمیں بڑھا کر50 کروڑ روپے کر دیا گیا۔سٹیٹ بینک بینکوں کو یہ سکیم بلاسود فراہم کررہا ہے جبکہ دیگربینکوں، ہسپتالوں یا طبی مراکز کو 3 فیصد سالانہ کی شرح سے قرضے فراہم کررہے ہیں۔ سکیم کے نتیجہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے بڑے پیمانے پرسہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جارہا ہے۔