اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی اور طلبی پر نظر ہے، بیک اپ پلان تیار ہے، ہنگامی صورتحال میں آکسیجن صنعتوں کی بجائے ہسپتالوں میں استعمال کی جائے گی، پاکستان میں صورتحال بگڑ رہی ہے، نہیں چاہتے کہ بھارت جیسی صورتحال پیدا ہو، عوام ایس او پیز پر عمل درآمد کر کے وبا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں بڑھتی ہوئی رفتار تشویشناک ہے، حکومت وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم عوام کے تعاون کے بغیر وبا پر قابو پانا نا ممکن ہے، ملکی معیشت لاک ڈائون یا ہسپتالوں پر بوجھ کی متحمل نہیں ہو سکتی، ہمارا نظام یہ بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ آکسیجن کی ڈیمانڈ اور سپلائی تحال تسلی بخش ہے، وزیر صنعت اور آکسیجن سپلائرز سے آج بھی رابطہ ہوا ہے، آکسیجن کے صنعتی استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے، ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی برقرار رکھنے کیلئے بیک اپ پلان پر کام شروع کر دیا ہے، اگر خدانخواستہ ملک میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی تو آکسیجن صنعتوں کی بجائے ہسپتالوں کو فراہم کی جائے گی۔