پشاور۔ 04 اپریل (اے پی پی):ہشتنگری بازار پشاور میں سٹیشنری کی دکانوں سے پاکٹ گائیڈز تحویل میں لیکرمالکان کو گرفتار کر لیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق صوبائی حکومت کی ہدایات پر میٹرک امتحان میں نقل کی روک تھام کےلیے کمشنر پشاور ڈویژن، چئیرمین پشاور تعلیمی بورڈ ریاض خان محسود کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے
صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے ہشتنگری بازار میں سٹیشنری کی دکانوں سے بڑی تعداد میں پاکٹ گائیڈز تحویل میں لیکر دکان مالکان کو گرفتار کر لیا۔بیان کے مطابق پشاور کے ساتھ پشاور تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام ضلع چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند، ضلع خیبر اور ضلع چترال میں بھی نقل کی روک تھام کے لیے اسی طرز پر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ میٹرک امتحان میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے اور نقل کی روک تھام کو یقینی بنائی جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578574