اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام عالمی یوم رضاکارمنا یا گیا۔اس دن کو منانے کا مقصد اپنے رضاکاروں کی خدمات کا اعتراف اور انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔اس بار اس دن کا عنوان "انسانیت کو بچاؤ” تھا۔ اس موقع پر چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی زندگیاں وقف کرنے والوں کی حفاظت کی فوری ضرورت ہے۔ رضاکار انسانیت کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں، انتہائی مشکل حالات میں دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرتے ہیں
آج ہم ان کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں اور ہر جگہ انسانی ہمدرد کے کارکنوں کی حفاظت کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان کے رضاکار ملک بھر کی کمیونٹیز میں صحت کی دیکھ بھال سے لے کر آفات سے نمٹنے تک ضروری خدمات کی فراہمی میں سب سے آگے ہیں۔ ان کی ثابت قدمی، ہمدردی اور خدمت قومی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اپنی رضاکارانہ بنیاد کو مضبوط کرنے کے لئے ہلال احمر کے شعبہ یوتھ اینڈ والنٹیئر نے نوجوانوں اور رضاکاروں کو تربیت یافتہ بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔
رضاکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ ہلال احمر پاکستان کا یہ منصوبہ معاشرے کے تمام طبقات کی جامع شرکت کو یقینی بناتا ہے، ہنگامی حالات اور انسانی ضروریات کے لئے مؤثر طریقے سے جواب دینے کے لئے ہلال احمر کی صلاحیت کو بھی بڑھاتا ہے۔ سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ ہلال احمر انسانیت، غیر جانبداری اور رضاکارانہ اقدار کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ رضاکاروں کے عالمی دن پر ہم نہ صرف ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہیں ہم نے کھو دیا ہے بلکہ ان لاتعداد رضاکاروں کی لگن اور جذبے کو بھی سراہتے ہیں جو انسانیت کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
سردار شاہد احمد لغاری نے اس عہد کی تجدید کی کہ ہلال احمر پاکستان اپنے اس قیمتی اثاثہ کی بہتر طور پر حفاظت اور تربیت کو یقینی بنایا جائے گا۔