کوئٹہ۔ 25 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ضلع جعفر آباد خالد خان نے کہاہےکہ ہمارا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ( پی ایچ ای) میں عوام کو جو مسائل درپیش ہیں ان کا بروقت اور مؤثر حل کر کے ہم اپنا فرض ادا کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جعفرآباد میں پی ایچ ای کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابلِ قبول نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اور دیگر عوامی مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنرنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع جعفر آباد میں جاری ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات باآسانی دستیاب ہوں۔انہوں نے محکمہ اریگیشن اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کے ہمراہ فیز ٹو کے مکینوں کو درپیش دیرینہ مسئلہ آب نوشی کی فراہمی کے مستقل حل کے لیے قابل تحسین جدوجہد کی جس کے نتیجے میں فیز ٹو میں پانی کی سپلائی بحال کر دی گئی۔
اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر خالد خان کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پی ایچ ای فیز ٹو کے تحت جلد از جلد تمام علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔