اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا تھا اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس نظریے کو اپنے نوجوانوں کے ذہنوں میں زندہ اور متحرک رکھیں اور آنے والی نسلوں کے لیے اس کے تسلسل اور مطابقت کو یقینی بنائیں، میڈیا کی خاص طور پر اس کوشش میں ایک اہم کردار ادا کرنے کی اولین ذمہ داری ہے جو ہمارے نوجوانوں کو ملک کے بانی اصولوں اور اقدار کے بارے میں حوصلہ افزائی اور تعلیم دینے کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس(دستور) سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفد نے سینئر صحافی نواز رضا کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ ظفر بختاوری نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، دہشت گرد نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں ، ان حالات میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے کیلئے میڈیا کا کردار زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر مسلح افواج کے حوصلے پست کرنے کی دشمن کی کوششوں کو ہر قیمت پر ناکام بنانے کا پختہ عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہماری فوج کی قربانیاں بے مثال ہیں اور اس نازک موڑ پر اس کا ساتھ دینا اور اس کے حوصلے کو بلند کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی موجودہ حکومت کے جرات مندانہ اقدامات پر بھی تعریف کی جن کی وجہ سے معیشت کو مستحکم ہو رہی ہے ۔انہوں نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے، ڈالر کی شرح تبادلہ کو منظم کرنے اور پٹرول کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے صدر اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدارت کے امیدوار ناصر قریشی نے میڈیا کے پیشہ ور افراد پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں میں منفیت کی بجائے مثبت سوچ کو فروغ دیں اور محنت کرنے اور ملک کی معاشی اور نظریاتی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ملک کی بہترین ممکنہ خدمت کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور بس ضرورت اس بات کی ہے کہ ان میں امید اور موقع کا جذبہ پیدا کیا جائے تاکہ برین ڈرین کو روکا جا سکے۔نواز رضا نے اپنی گفتگو میں ظفر بختاوری کی بھرپور تعریف کی اور انہیں مختلف شعبوں میں قوم کے لیے ان کی بے لوث خدمات اور ان کی سخاوت اور مہمان نوازی کے اعتراف میں پاکستان کا سفیر قرار دیا۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں میں امید اور رجائیت پیدا کرنے کے لیے اپنی مضبوط حمایت کا بھی اظہار کیا، انہیں قوم کو درپیش موجودہ چیلنجوں سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بااختیار بنایا۔انہوں نے احسن ظفر بختاوری کی چیمبر کے صدر کی حیثیت سے ان کی شاندار قیادت کو بھی سراہا۔