اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری اجتماعی کاوشوں سے آزاد جموں و کشمیر میں احتجاجی تحریک ختم ہو گئی ہے، وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے بہن بھائیوں کیلئے 23 ارب روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا ہے، بعض لوگ یہ سوچ کر آئے تھے کہ احتجاجی تحریک کی آڑ میں امن و امان کو تباہ اور معاملات کو خراب کرنا ہے، انسانی جانوں کے ضیاع کا ہمیں بہت دکھ ہے، عوام کے مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے معاملہ پر کل تمام اتحادیوں سمیت ہم سب نے اجلاس منعقد کیا، طویل مشاورت کے بعد فوری فیصلے کئے گئے، آزاد کشمیر میں جو ایک احتجاجی تحریک شروع ہوئی تھی ان کے مطالبات بھی ہم نے سنے اور 23 ارب روپے کی خطیر رقم کا آزاد کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کیلئے اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو ملنے کیلئے چند روز میں مظفرآباد جائوں گا، اجتماعی کاوشوں کے نتیجہ میں احتجاجی تحریک آج ختم ہو گئی ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ چند انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور مالی نقصانات بھی ہوئے، انسانی جانوں کے ضیاع کا ہمیں بہت دکھ ہے، ان واقعات میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، کچھ شہری بھی شہید اور کچھ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، وہاں امن و امان کا قیام اولین ضرورت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر سے میری بات ہوئی، ہمیں عوامی نمائندوں کی حیثیت سے عوام کی باتوں کو غور سے سننا چاہئے، عوام کے مسائل کو مل بیٹھ کر طے کرنے کی کوشش کرنی چاہئے، اس میں کوئی شک نہیں کہ آزاد کشمیر کی حکومت نے بہت تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، بعض لوگ یہ سوچ کر آئے تھے کہ احتجاجی تحریک کی آڑ میں امن و امان کو تباہ اور معاملات کو خراب کرنا ہے، احتجاج کے دوران انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہوا ہے، آج یہ تحریک ختم ہو گئی ہے، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام رہنمائوں کے تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر جا کر معاملات کو خود سمجھنے کی کوشش کروں گا اور انشاء اﷲ اسی جذبے کو فروغ دیں گے تاکہ ملک میں امن قائم ہو اور پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ اس موقع پر آزاد کشمیر میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔