ہماری اسٹرینتھ بیٹنگ ہے، وکٹ آسٹریلیا جیسی لگ رہی ہے،کپتانی جانے کا کوئی پریشر نہیں، مجھے اپنی ٹیم پر یقین ہے۔ بابر اعظم

227

کراچی۔25دسمبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہماری اسٹرینتھ بیٹنگ ہے، وکٹ آسٹریلیا جیسی لگ رہی ہے،کپتانی جانے کا کوئی پریشر نہیں، مجھے اپنی ٹیم پر یقین ہے۔ انہوں نے اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹیسٹ سیریز کےآغاز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے سلیکٹرز سے مشاورت کے بعد فائنل الیون منتخب کریں گے، ہماری بیٹنگ ہماری اسٹرینتھ ہے، بولرز کا فٹ ہونا بھی خوش آند ہے، جو ٹیم کیلیے بہتر ہوگا وہی ٹیم سلیکٹ کریں گے۔ انگلینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ نہ کھیلنے کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں 1 غلطی میچ تبدیل کر دیتی ہے، میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف بہترین الیون کھلائی، شکست کی وجہ سے تنقید ہو رہی ہے لیکن پورا یقین ہے کم بیک ضرور کریں گے، پریشر نہیں لیتا کیونکہ دبائو میں گیم اور خراب ہوجاتا ہے۔بابراعظم نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز اچھی نہیں رہی، بہترین ٹیم کھلائی، سلیکشن میں کوی غلطی نہیں تھی جن کھلاڑیوں کو کھلایا ان کو بیک کرتا ہوں، جو کھلاڑی بہترین لگا اسے کھلایا تھا۔انہوں نے کہا کہ کپتانی جانے کا کوئی خوف نہیں ہے، اللہ یہاں تک لایا ہے آگے لے کربھی جائے گا، مجھے اپنی ٹیم پر یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے، ہمارا فوکس نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریزمیں کامیابی حاصل کرنا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ کراچی کی پچ کافی اچھی لگ رہی ہے، وکٹ آسٹریلیا جیسی لگ رہی ہے، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز اچھی نہیں رہی، ہمارا فوکس ٹیسٹ سیریز جیتنے پر ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مذید کہا کہ تین چاردن میں کافی چیزیں تبدیل ہوئی ہیں، بطور پروفیشنل آپ کو ان چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، گزشتہ روز3 کھلاڑی میری مشاورت سے اسکواڈ میں شامل ہوئے، باہربیٹھ کرچیزیں آسان لگتی ہیں لیکن گرائونڈ میں مختلف ہوتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے متعلق مجھ سے بھی بات ہوئی تھی، سلیکٹر کے ساتھ بات ہو گئی ہے نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل الیون ان کے مشورے سے منتخب کریں گے، جو ٹیم کے لیے بہتر ہوگا وہی کریں گے، میدان میں حکمت عملی حریف کی پوزیشن دیکھ کر اپناتے ہیں۔