اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ہماری حکومت میں عہدوں کے لئے دوستیاں نہیں نبھائی جاتیں ،آئی جی کی خواہش پر افسران کی تعیناتیاں نہیں کی جاسکتیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسران کی تقرری کا اختیار حکومت کے پاس ہے جسے چاہے لگائے ، سی سی پی او کو حکومت نے تعینات کیا ، آئی جی نے نہیں۔ انہو ںنے کہا کہ ہمارا وژن ہے کہ جو پر فارمنس دے گا وہ عہدہ پر رہے گا، سندھ میں مسائل کا حل ممکن ہے لیکن مسئلہ نیت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارا کریڈٹ سندھ حکومت لے لے لیکن کراچی کے لئے کام کرائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاق کی جانب سے سندھ کو فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں ، سندھ حکومت کی معاونت کر رہے پھر بھی تنقید کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بتائے کہ گزشتہ 12 سالوں میں اس نے کیا کام کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دل بڑا کر کے آگے بڑھیں ہیں اور اور سندھ کے عوام کی مدد کر رہے ہیں، فیصل واوڈا نے کہا کہ پی پی پی کی وجہ سے لوگوں کو مسائل ہیں اگر سندھ کے مسائل ختم ہو جائیں تو پھر پی پی پی کی سیاست بھی ختم ہوجائے۔