پشاور۔ 03 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان اور سیفرن انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہم دھرنے والے نہیں کام کرنے والے لوگ ہیں اور ہماری حکومت نے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ،اس کے برعکس عمران خان ملکی ترقی کا پہیہ روکنے کیلئے ہر قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔
وہ ہفتہ کو پشاورمیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا کوئی کام نہیں کیا ،وہ پاکستان دشمنوں کی طرح پاکستان کی ترقی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ، دوسری جانب وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور بہترین کارکردگی نے عوام کے دل جیت لیے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کا بہت شکریہ کہ آپ تشریف لے آئے، ہماری مخلوط وفاقی حکومت ہے، اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں،ہمارے سامنے بہت سارے چیلنجز ہیں، دہشتگردی ،مہنگائی اور معاشی مسائل ہیں ،اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دے رہے ہیں ،عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج مارکیٹ اوپر گئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو روزگار ملے،غربت کا مسئلہ ہے،وزیراعظم شہباز شریف عوام کی خدمت کے لئے بہت کچھ کررہے ہیں ۔
امیر مقام نے کہا کہ اس صوبے میں کرپشن عروج پر ہے ، لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ، وزراء خود اپنی حکومت کے خلاف پریس کانفرنس کررہے ہیں،آئے روز گرڈ اسٹیشن پر حملے ہورہے ہیں۔لڑائی جھگڑے مسائل کا حل نہیں ہے ،مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کا وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ موازنہ کریں ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی نظر آرہی ہے مگر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی کارکردگی نظر نہیں آرہی ہے ،گندم سکینڈل کی صاف وشفاف انکوائری ہونی چاہے ، یونیورسٹیوں کی زمین بیچنے کے خلاف ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے دور میں ملک ڈیفالٹ میں جا رہا تھا ، شہباز شریف نے بچایا ،ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہوئی ہے ،عام آدمی مہنگائی کا سامنا کررہا ہے خواہش ہے کہ مہنگائی ختم ہو،بجلی گیس سستی اور ملک میں امن قائم ہو،یہ وزیر اعظم پاکستان کی بھی خواہش ہے،ملک کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے ،شہباز شریف جس طرح محنت کررہے ہیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ۔ ہماری پولیس ، ایف سی اور آرمی نے ملک کےلئے بہت قربانیاں دی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اچھے لوگ بھی ہیں ان سے کہتا ہوں ،صوبے میں اچھے اقدامات صوبائی حکومت کا کام ہے ،صوبے میں اپوزیشن فرینڈلی نہیں ہے ، ممبران کام کررہے ہیں ،جماعت اسلامی اور ہمارے معاملات چل رہے ہیں ،آئی پی پی معاہدے ہمارے دور میں نہیں ہوئے یہ اس وقت کی ضرورت تھی تاہم اس پر نظر ثانی ہونی چاہیئے ، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کو آگے آ کر اس کیلئے لائحہ عمل بنانا ہوگا۔