17.7 C
Islamabad
بدھ, اپریل 2, 2025
ہومقومی خبریںہماری عقیدت کے سب سے زیادہ مستحق شہداء ہیں جن کی وجہ...

ہماری عقیدت کے سب سے زیادہ مستحق شہداء ہیں جن کی وجہ سے آج ہم عید کی خوشیاں منا رہے ہیں، رانا ثناء اللہ

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی):ہماری عقیدت کے سب سے زیادہ مستحق شہداء ہیں جن کی وجہ سے آج ہم عید کی خوشیاں منا رہے ہیں اور ان کے ورثاء قوم کے محسن ہے جو آج غم زدہ ہیں لیکن ہم ان کے شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے عید کی خوشیاں منا رہے ہیں۔ یہ بات وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خاں نے آج اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں عیدالفطر کی نماز ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کا دو ٹوک فیصلہ ہے کہ دہشت گردی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی بھی دہشت گرد کامطالبہ پورا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ معصوم شہریوں کو شہید کرنا، ٹرین کو یرغمال بنانا اور بسوں سے لوگوں کو عام شہریوں کو اتار کرشناخت کر کے قتل کرنا کسی طور پر قبول نہیں ہے،ہر عوامی احتجاج قابل قبول ہوگا، لوگ مظاہرہ کریں یا کوئی بھی مطالبہ کریں، ان کا مطالبہ نہ صرف مانا جائے گا بلکہ پورا بھی کیا جائے گا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک مخلوط حکومت ہے اگرچہ یہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں کامیاب معاشی استحکام لا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بیرونی ادارے پاکستان کی معاشی حالت کے بہتر ہونے کا اقرار کر رہے ہیں اور وہ یہ بھی مانتے ہیں کہ مہنگائی کی رفتار رک چکی ہے، اب مہنگائی مزید نیچے آئے گی اور غریب کو ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنا گھر اپنی چھت، کسان کارڈ، نگہبان پیکج اور اس طرح کے دیگر اقدامات سے عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں خدمت کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پراپیگنڈہ اور گالی کو شعار بنایا وہ اب انجام کو پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک معاشی بحران سے نکل چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سرگودھا روڈ کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے اور یہ عوامی مطالبہ اس مالی سال میں پورا ہوجائے گا۔اس کے علاوہ ستیانہ روڈ پر بھی کام ہو رہا ہے جبکہ فیصل آباد میں آئی ٹی سٹی اور میٹروبس شروع کرنے پر بھی کافی کام ہوچکا ہے اور جلد ان پراجیکٹس کا افتتاح کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہی ایک حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان کو پاکستان سے الگ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ دہشتگرد ”را“ کے ایجنٹ ہیں اور افغانستان میں بیٹھ کر بلوچستان کو علیحدہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے خلاف کارروائی ہورہی ہے اور ایسے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ لیکن جو لوگ پاکستان کے آئین اور قانون کو تسلیم کرتے ہیں ہم ان کی بات مانیں گے، ان کے ناز نخرے بھی اٹھائیں گے، ان کے مطالبات بھی پورے کریں گے۔

تاہم وہ ایسا رویہ نہ اپنائیں جس سے ان کی باتوں سے دہشتگردوں کے ساتھ ہمدردی کا پہلو نکلے۔ انہوں نے مسنگ پرسنز کے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ماہرنگ بلوچ اور خیبر پختون خواہ کے لوگوں کو ہم دہشت گرد نہیں کہتے، لیکن ان کو دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت کرنی چاہیے۔

اس سے ان کے بیانیہ کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا ہر مطالبہ پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی تو حکومت اپنے ساتھ شامل جماعتوں کے ساتھ اس سلسلہ میں مشاورت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو اور اس کے ساتھ شامل جماعتوں کو مدعو نہ کیا گیا تو پھر یہ کیسی آل پارٹیز کانفرنس ہوگی۔ پیکا ایکٹ کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو صحافی حق سچ کی بات کرتے ہیں ہم ان کے ساتھ پیکا ایکٹ کے سلسلہ میں بیٹھنے کو تیار ہیں اور مشاورت سے ایسی ترامیم لانے کو بھی تیار ہیں جس سے پیکا ایکٹ کا غلط استعمال نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ دراصل ان لوگوں کیلئے لایا گیا ہے جو سوشل میڈیا کے ذریعے کسی کی عزت اچھال دیتے ہیں یاان سے کسی کے خاندان کی عزت محفوظ نہیں رہتی یہ ان لوگوں کیلئے ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہم صحافی تنظیموں کے ساتھ مل کر ترامیم کرنے پر تیار ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے سلسلہ میں قائد نواز شریف سے مشاورت جاری ہے اور امید ہے کہ اسی سال بلدیاتی انتخابات ہو جائیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577567

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں