ہماری مسلح افواج ملک کی دفاع کے لئے پوری طرح تیار ہیں ، کمشنر کا ’جشن فتح۔ یوم تکبیر سے یوم تشکر تک‘ تقریب سے خطاب

71

ساہیوال۔ 27 مئی (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج ملک کی دفاع کے لئے پوری طرح تیار ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اندرونی و بیرونی خطرات کے مقابلے کے لئے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سوشل میڈیا کا غلط استعمال ان خطرات میں اضافہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل جنگ نوجوانوں کے اذہان کو پراگندہ کرنے والوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم تکبیر کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل میں ’جشن فتح۔ یوم تکبیر سے یوم تشکر تک‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے لے کر آج تک کی قومی جدوجہد اور دفاعی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی،محکمہ تعلیم کے افسران تنویر احمد غزالی، ڈاکٹر احسان الحق اور خادم حسین موہل اور ممبر پنجاب اسمبلی ملک محمد ارشد کے صاحبزادے ملک علی رمضان سمیت اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبا ل نے کہا کہ بھارت کے خلاف معرکہ حق سر کرنے میں 28مئی کے دن پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا اہم کردار ہے جو ملک کے تحفظ کا ضامن ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کو پاک فوج کی عظیم پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سیاسی قیادت کی بصیرت کا ثمر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دفاع کے لئے پرعزم ہیں اور ہم سے جو بھی ٹکرائے گا وہ پاش پاش ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت بننے کے بعد اب اقتصادی طاقت بننے کا مشن ہے۔ تقریب میں گورنمنٹ ایم سی جونیئر ماڈل سکول اور گورنمنٹ ایم سی سٹی سکول کے بچوں کے ٹیبلو، ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں جبکہ کلاسیکل گلوکار استاد ندیم ریاض اور ممتاز لوک فنکار فدا حسین فدا نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔

ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے تمام مہمانان، طلبہ اور فنکاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس جشن کا مقصد نئی نسل کو پاکستان کی قومی تاریخ، دفاعی خودمختاری، اور قربانیوں سے روشناس کرانا ہے۔تقریب کے کامیاب انعقاد میں سی ای او ایجوکیشن تنویراحمد غزالی کی معاونت کو بھی سراہا گیا، جن کے تعاون سے یہ پروگرام علمی اور فکری لحاظ سے بھی کامیاب اور متاثرکن رہا۔