ملتان۔8جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹرثانیہ نشتر نے نشترہسپتال ملتان کادورہ کیا۔ نشترہسپتال پہنچنے پر وائس چانسلر ڈاکٹر رانا الطاف نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ تنویر اقبال تبسم،احساس تحفظ کے ڈائریکٹرجنرل، احساس کے ڈی جی پنجاب بھی ا ن کے ہمراہ تھے۔ڈاکٹر ثانیہ نے میٹنگ میں ہسپتال انتظامیہ و حکام کو احساس تحفظ پروگرام کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ نشترہسپتال کو احساس تحفظ پروگرام کے ساتھ منسلک کردیاجائے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت 900مختلف پیکجز احساس تحفظ پروگرام میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ری امبرسمنٹ پروگرام ہے جس کے تحت جتنے بھی اخراجات ہوں گے وہ ہسپتال کوادا کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس پروگرام میں شامل ہونے کےلئے سب سے پہلے خود کورجسٹرکروانا ضروری ہے اوراہلیت کاطریقہ کار چوبیس گھنٹے میں مکمل ہوجاتا ہے۔ ڈاکٹرثانیہ نشتر نے مزید کہاکہ تین سال سے اس پروگرام پر کام کررہے ہیں اور یہ شفاف پروگرام ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک بھر میں 9ہسپتال احساس تحفظ پروگرام کے ساتھ لنک ہیں جن میں دوبلوچستان، تین خیبرپختونخوا کے علاوہ اسلام آباد اور اولپنڈی کے ہسپتال شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کوشش کررہے ہیں کہ گلگت بلتستان کے دوہسپتالوں کوبھی اس پروگرام میں شامل کرلیں۔ اس پروگرام میں صرف پبلک سیکٹر کے ہسپتال شامل ہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر رانا الطاف نے کہاکہ احساس تحفظ پروگرام میں شامل ہونے کافیصلہ کرلیا ہے صرف ہمیں طریقہ کار کوسمجھنے کےلئے ہمارے ساتھ کچھ سیشن کیے جائیں جس پر ڈاکٹرثانیہ نشترنے کہاکہ اس حوالے سے وہ اگلے ہفتے دوبارہ ملتان کادورہ کریں گی ۔