سیالکوٹ ۔13مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہمارے امیدوار صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے مکمل تیار ہیں،نواز شریف کے چاہنے والوں نے اپنے لیڈر کے حکم سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف کواپنے کاغذات نامزدگی سمیت انکم ٹیکس ریٹرن اور نیب میں بھی ڈیکلئیر کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں آج مسلم لیگ ن کے تمام امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیں گے،دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیےامیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے سابق ممبر و صوبائی وزیر منشاء اللہ بٹ ،سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام،سابق ممبر پنجاب اسمبلی رانا عارف اقبال ہرناہ ،مسلم لیگ ن کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی ۔36 سے حافظ شاہد سمیت دیگر امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔