ہمارے بانیوں نے پاکستان کے لیے انتہائی درست نظریہ پیش کیا جو محض الفاظ سے بالاتر اور لاکھوں افراد کی اجتماعی امنگوں کا مظہر تھا،برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل

166
پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل

لندن۔7مارچ (اے پی پی): برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ ہمارے بانیوں نے پاکستان کے لیے انتہائی درست نظریہ پیش کیا جو محض الفاظ سے بالاتر اور لاکھوں افراد کی اجتماعی امنگوں کا مظہر تھا، اور اس کی بدولت ہمارے پیارے وطن کی بنیاد رکھی گئی۔

یہ بات انہوں نےپاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے استقبالیہ تقریب میں کہی جو پاکستان ہاؤس میں منعقد ہوئی۔فارن اور کامن ویلتھ ڈویلپمنٹ آفس کے ڈائریکٹر جنرل  برائے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اوون جینکنز، نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی برطانوی حکومت کی نمائندگی کی۔   برطانوی وزیر اعظم کے پاکستان کے لیے تجارتی ایلچی جیمز ڈیلی، برطانوی پارلیمنٹیرینز؛  سفارت کاروں،  سینئر سول اور ملٹری نمائندون؛  میئرز  کونسلرز؛  پاکستانی کمیونٹی کی نامور شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

قومی دن کی استقبالیہ تقریب کا اہتمام رمضان کے مقدس مہینے کے پیش نظر 23 مارچ یعنی یوم پاکستان سے پہلے کیا گیا۔ پاکستان کے بانیان کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے بانیوں نے پاکستان کے لیے ایک انتہائی درست وژن پیش کیا اور یہ وژن محض الفاظ سے بالاتر تھا، اس نے لاکھوں کی اجتماعی امنگوں کو سمیٹ لیا اور ہمارے پیارے وطن کی بنیاد رکھی۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک نو منتخب حکومت نے اقتدار سنبھال لیا ہے، جو پاکستان کے جمہوری سفر میں ایک اہم پیشرفت ہے۔

آنے والے چیلنجز کے گہرائی سے ادراک کے ساتھ، منتخب قیادت خوشحالی، استحکام اور جامعیت کے حصول کے لیے پختہ عزم رکھتی ہے۔پاکستان ایک نئی امید اور عزم کے ساتھ مستقبل کی طرف گامزن ہے۔انہوں نے خاص طور پر وزیر اعظم کے پارلیمنٹ سے اس اعلان کا حوالہ دیا کہ پاکستان اس دہائی کے اختتام سے قبل G20 کی رکنیت حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہو چکا۔ہائی کمشنر نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست، صحت، فنون لطیفہ، سائنس، کاروبار اور تعلیم کے شعبوں میں غیر معمولی کامیابیوں اور بے پناہ شراکت کے لیے نمایاں ہیں۔

برٹش پاکستانی ثابت قدمی، لگن اور غیر متزلزل حوصلے کی علامت ہیں، جو ہمارے وطن کے جوہر کا مظہر ہیں۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ تعلقات کو برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد  پاکستانیوں نے مزید تقویت دی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان ایک پختہ پل کا کام کر رہا ہے، ثقافتی تبادلے کو فروغ دے رہا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مظبوط رہا ہے۔

دونوں ممالک باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے اور بلندی تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔اپنے خطاب میں اوون جینکنز نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام اور نو منتخب حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے قائداعظم کے ایک قوم، ایک پاکستان کے وژن کو سراہا جس میں سب کے لیے یکساں مواقع میسر ہیں۔

  برطانوی پاکستانیوں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تارکین وطن، خصوصاً خواتین، نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو بہت خاص بنا دیا ہے اور پاکستان کا قومی دن ان دوطرفہ تعلقات کو منانا ہے۔اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب اور ثقافتی شو بھی منعقد کیا گیا۔ مہمانوں کو شاندار روایتی پاکستانی کھانے پیش کیے گئے۔اس تقریب کو تمام مہمانوں نےاور خاص طور پر پاکستانی تارکین وطن ، جو بڑی تعداد میں اس موقع کو منانے کے لیے موجود تھے،کی طرف سے سراہا گیا۔