دبئی۔25اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ ہمارے تینوں فاسٹ بائولرز بہترین پرفارمنس دے رہے، ہمیں ایشیا کپ میں ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، کرکٹ لوگوں کو متحد کرنے اور امن و محبت کا پیغام پھیلانے کے لئے ہے۔
جمعرات کو دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہمارے فاسٹ بائولرز ماضی میں بھی ٹیم پلان کے مطابق اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور وہ کسی بھی صورت حال میں کھیل کا رنگ بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز سے کھلاڑیوں کو مزید فائدہ مل سکتا ہے۔ اسسٹنٹ بائولنگ کوچ عمر رشید کو کھلاڑیوں کی سپورٹ کے لئے بلایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں، انہیں سردی گرمی سے فرق نہیں پڑتا، ہمارے کھلاڑیوں کو علم ہے کہ کیسے خود کو ماحول کے مطابق ڈھالنا ہے، دبئی کا موسم لاہور سے ملتا جلتا ہے۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ پاک بھارت شائقین کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں۔
بابراعظم اور ویرات کوہلی کی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی علامت ہے اور ہمیں کھیل کے میدانوں پر تنائو کو کم کرنے کے لئے ایسا کرنا چاہیے۔ کرکٹ لوگوں کو متحد کرنے اور امن و محبت کا پیغام پھیلانے کے لئے ہے۔
بھارتی کھلاڑی ہمارے کیمپ میں آتے ہیں اور پاکستانی کرکٹرز ان کے کیمپ کا دورہ کرتے ہیں۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان اور بھارتی شائقین نے دونوں ممالک کے قومی پرچم ایک ساتھ سلائے تھے اور امریکہ میں کرکٹ دیکھتے ہوئے ان میں کوئی تقسیم نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی اور ہندوستانیوں کے علاوہ کوئی اور شائقین موجود نہیں تھے، کرکٹ انسانیت کو متحد کرنے کے لیے بھی ہے۔