28.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومتازہ ترینہمارے شاہینوں نے چند گھنٹوں میں دشمن کا غرور اور گھمنڈ پاش...

ہمارے شاہینوں نے چند گھنٹوں میں دشمن کا غرور اور گھمنڈ پاش پاش کر دیا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کامرہ ایئر بیس کے دورے کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب

- Advertisement -

کامرہ۔15مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے شاہینوں نے چند گھنٹوں میں دشمن کا غرور اور گھمنڈ پاش پاش کر دیا، پاکستان کے بھرپور جواب نے طاقت کا توازن تبدیل کر دیا، دشمن کو یہ پیغام دے دیا کہ اب دوبارہ کبھی میلی آنکھ سے ہماری طرف دیکھا تو اس کو پائوں تلے روند دینگے، جعفر ایکسپریس واقعہ میں بھارت ملوث ہے، خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کامرہ ایئر بیس کے دورے کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ محمد آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے کہا کہ اپنی اور 24 کروڑ پاکستانیوں کی جانب سے عظیم اور شاندار فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، قوم کی عظیم مائوں کے بیٹوں سے ملاقات ہوئی جنہوں نے مختصر جنگ میں دشمن کے نہ صرف دانت توڑے بلکہ اس کے گھمنڈ اور غرور کو اپنی اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارت اور دلیری کے ساتھ خاک میں ملا دیا، 6 مئی سے 10 مئی کے دوران پوری دنیا کو آپ نے اپنی اعلیٰ ترین مہارت سے ورطہ حیرت میں ڈال دیا، دشمنوں کے چاروں طبق روشن کر دیئے، دوستوں کے اعتماد کو آسمان تک پہنچا دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسی شاندار فتح پہلے کبھی نصیب نہیں ہوئی، اس شاندار فتح سے آپ نے دنیا کی سوچ کو تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی اس شاندار کارکردگی پر سر فخر سے بلند ہیں، گردنیں اللہ کے حضور جھکی ہیں، دشمن کو یہ پیغام دے دیا کہ اب دوبارہ کبھی میلی آنکھ سے ہماری طرف دیکھا تو اس کو پائوں تلے روند دینگے۔

انہوں نے کہا کہ سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، پوری حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، 10 مئی کو پوری دنیا میں یہ گونج سنائی دی کہ پاکستان نے یہ جنگ اپنی تکنیکی مہارت سے جیتی۔ پاک فضائیہ نے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے ساتھ مہارت حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے 6 جہاز گرائے، ڈرون گرائے گئے ، دشمن آبادی کے لحاظ سے کئی گنا بڑا ہے اور اس نے اربوں ڈالر خرچ کر کے اسلحہ خریدا اور دنیا اور عالمی طاقتوں کو بتایا کہ وہی خطے کا تھانیدار ہے، آپ نے اس نام نہاد تھانیدار کا بت 10 مئی کو پاش پاش کر دیا اور رہتی دنیا تک وہ کبھی اب اس طرح غرور اور گھمنڈ میں مبتلا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں میں جرات، بہادری اور دلیری سے ان جوانوں نے وہ تاریخ رقم کی ہے جو قیامت تک دوست اور دشمن پڑھتے رہیں گے، دشمن کو شکست دے کر ملک کا جھنڈا بلند کیا، دنیا اب اس جھنڈے کو احترام سے دیکھ رہی ہے، آپ کی بہادری، جرات اور دلیری کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم یکجان اور دو قالب ہے اور اس جنگ کے دوران پوری قوم نے افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے دن رات دعائیں کیں، تین رافیل گرائے گئے۔ قیامت تک دنیا اور مودی اسے یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس فتح سے ایم ایم عالم، سرفراز رفیقی کی بہادری اور شجاعت نے جس مہارت اور ٹیکنیکل انوویشن سے یہ جنگ لڑی ہے اس پر پاک فضائیہ کے سربراہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور ان کی خدمات سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت عسکری قیادت اور پاک فوج کے جوانوں نے مربوط مشاورت اور اقدامات سے مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ ان سپوتوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے مادر وطن کے دفاع کی جنگ لڑی، ہم نے صبر و تحمل اور برداشت کا دامن نہیں چھوڑا، دشمن نے ہماری امن کی خواہش کو جس گھمنڈ میں ٹھکرایا اس پر ہم نے سوچ سمجھ کر دشمن کو جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے معصوم بچوں کو شہید کیا، یہ ملک کا مستقبل تھے، یہ بچے اور خواتین بے قصور تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دلیر افسران نے ٹھیک ٹھیک نشانہ لگا کر دشمن کے اوسان خطا کئے اور اس کے ہوش گم ہو گئے، وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا، پوری قوم اس کی لاج رکھے گی، پاکستان کو صحیح معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنا کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امن کی ضرورت ہے، کوئی دشمن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کے خاندانوں کی کفالت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

بھارت کا جنگی جنون کا بخار اتر چکا، اب امن کی بات کریں ہم تیار ہیں اس امن کیلئے لازمی شرائط تمہیں اچھی طرح معلوم ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق حق خودارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دینا ہو گا۔ وادی کشمیر کشمیریوں کے لہو سے سرخ ہو چکی ہے، یہ تحریک آج بھی زندہ ہے ان کے حق ملنے تک زندہ رہے گی۔ آئیں بیٹھ کر اس پر بات کریں، یہ تنازعہ کبھی دوبارہ جنگ کی آگ کو بھڑکا سکتا ہے اس کو ختم کریں، پہلگام کے حوالہ سے پاکستان پر جھوٹا الزام لگا کر بھارت نے پوری دنیا میں اپنی جگ ہنسائی کرائی، دنیا کو پتہ چل گیا کہ یہ بڑی طاقت کا جھوٹ اور کھوکھلا پن ہے جس کو پوری دنیا نے دیکھا۔ دنیا کی اکثریت پاکستان کے موقف کے ساتھ کھڑی ہے ہم نے شفاف تحقیقات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردی ہم نے نہیں کی لیکن ہمارے بے گناہ بچوں کو بے دردی سے مارا گیا۔ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس میں بھارت ملوث ہے، سمجھوتہ ایکسپریس میں ایک بھارتی افسر ملوث تھا۔ مکتی باہنی کس نے بنائی؟ افواج پاکستان دہشت گردی کیخلاف برسر پیکار ہیں اور دہشت گردی ختم کر کے رہیں گے۔ اگر دہشت گردی ختم کرنی ہے تو ملکر بیٹھیں اور بات کریں، کون دہشت گردی کا نشانہ بنا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597557

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں