ہمارے قدرتی ذخائر 9 فیصد سالانہ کے حساب سے کم ہو رہے ہیں ، ڈیمانڈ ہر روز بڑھ رہی ہے،وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کی گورنر ہاوس لاہور میں سینئر صحافیوں کو بریفنگ

82

لاہور۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہرنے کہا ہے کہ ہمارے قدرتی ذخائر 9 فیصد سالانہ کے حساب سے کم ہو رہے ہیں لیکن ڈیمانڈ ہر روز بڑھ رہی ہے۔وہ گورنر ہاوس لاہور میں سینئر صحافیوں کو بریفنگ دے رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی بنیادوں پر گیس کنکشن دیے جاتے رہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ توانائی کی طلب اور رسد میں توازن لانے کے لیے ہمیں متبادل ذرائع کی طرف جانا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرگیس کا بے دریغ استعمال نہ روکا گیا تو مستقبل میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں دنیا کا سب سے بڑا ڈومیسٹک گیس پائپ لائن نیٹ ورک ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سردیوں میں گیس کا گھریلو استعمال پانچ گنا بڑھ جاتا ہے،تاہم سردیوں میں گیس کی قلت کا ایل این جی کی درآمد سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔