ہمارے منصوبوں کا دنیا اعتراف کر رہی ہے، سابق حکمران چوریاں کرکے بیرون ملک دولت بناتے رہے، سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین اور پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا ایوان بالا میں اظہار خیال

43
وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اسلامی دنیا کو متحد کرنے اور عالمی فورمز پر فلسطینیوں کے حقوق کے لئے بھرپور آواز بلند کی، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین اور پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ہمارے منصوبوں کا دنیا اعتراف کر رہی ہے، سابق حکمران چوریاں کرکے بیرون ملک دولت بناتے رہے، ہم نے وہ سلسلہ ختم کر دیا، سیاسی مقاصد کیلئے فلاحی منصوبوں کی مخالفت نہ کی جائے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں بدو بنڈل آئی لینڈ کے حوالہ سے اپوزیشن کی تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے عوامی و فلاحی منصوبوں کی مخالفت نہ کی جائے، عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو عوامی مفاد میں منصوبے لا رہے ہیں، ہماری حکومت نے آتے ہی دو ڈیموں کی تعمیر شروع کرائی، احساس پروگرام کو دنیا سراہتی ہے، امریکہ اپنے شہریوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج نہیں دے سکا، ہم نے یہ پروگرام شروع کیا جس کے بعد تمام شہریوں کو بلاتفریق علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب ہوں گی، اب کوئی بھوکا نہیں سوئے گا، مہنگائی میں کمی آ رہی ہے، مزید کمی آئے گی، عمران خان عوام کیلئے کام کر رہے ہیں، ان کا جینا مرنا یہاں ہے، انہوں نے سرے محل، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس نہیں بنائے، صنعتی ترقی مثال ہے، لیبر نہیں مل رہی، برآمدات بڑھ چکی ہیں، کاروبار کو آسان بنایا ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہوا ہے، اس سے بھی مہنگائی میں کمی آئے گی، ساری دنیا کے ادارے ہمارے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں، کورونا پر ہم نے جو حکمت عملی بنائی دنیا اب ہم سے کہہ رہی ہے کہ ہمیں بتائیں پاکستان نے کیا ایسا کیا کہ وہ نقصانات سے بچ گیا، ماحولیاتی آلودگی کے معاملہ پر وہ اقدامات کئے جن کا دنیا اعتراف کر رہی ہے، 10 ارب درخت لگائے جا رہے ہیں، بنجر زمینوں کو آباد کیا جا رہا ہے، سابق حکمران چوریاں کرکے بیرون ملک دولت بناتے رہے، ہم نے وہ سلسلہ ختم کر دیا۔