ہمارے نوجوان فیصلہ کن اقدام کے لئے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں اور اب عمل کرنے کا وقت ہے،رانا مشہود احمد خان

62

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملک کے نوجوانوں کے لئے ایک خوشحال اور جامع مستقبل کی تشکیل کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنریشن ان لمیٹڈ سرکاری و نجی شعبوں اور نوجوانوں سمیت تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرکے تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے، اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے صوبائی امور نوجوانان کی وزارتوں، نجی شعبے کے رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اہم اداروں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی دانشمندانہ وژن پر عمل کرتے ہوئے سٹریٹجک ایڈوائزری کونسل فار جنریشن ان لمیٹڈ کے افتتاحی ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد کیا۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام ( پی ایم وائی پی )کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت اجلاس میں یونیسیف، یو این ڈی پی، یو این ایف پی اے، آئی ایل او، صوبائی وزارتِ نوجوانان، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، ہاشو فاؤنڈیشن اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے نمائندوں سمیت کلیدی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لئے کوششوں کو متحرک کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے اختراعی مواقع پیدا کرنے کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف کے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت متحد کرنے کی اہمیت پر زور دیا جس میں ہر صوبے کا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے جنریشن ان لمیٹڈ سرکاری، نجی اور نوجوانوں کے سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرکے تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے، اس اقدام کا مقصد 10 سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے صوبائی امور نوجوانان کی وزارتوں، نجی شعبے کے رہنماؤں اور اقوام متحدہ کی اہم ایجنسیوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

رانا مشہود احمد نے کہا کہ نو تشکیل شدہ جی ای این یو سیکرٹریٹ وزیراعظم یوتھ پروگرام میں واقع ہے جو ان کوششوں کو اقوام متحدہ کے اداروں کی تکنیکی مدد سے مربوط کرے گا تاکہ اس اقدام کی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف بالخصوص ایس ڈی جیز۔17 کے ساتھ جی ای این یو کے اہداف کی صف بندی پر زور دیا جو پائیدار ترقی کے لئے شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں کے لئے ایک خوشحال اور جامع مستقبل کی تشکیل کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے عزم کا اعادہ کیا کہ ہمارے نوجوان فیصلہ کن اقدام کے لئے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں اور اب عمل کرنے کا وقت ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اندر جی ای این یو سیکرٹریٹ کی تشکیل کو بھی باضابطہ بنایا گیا جو ملک بھر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پروگراموں کا انتظام کرے گا۔ بات چیت کے دوران پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فادیل نے جنریشن ان لمیٹڈ کی عالمی رسائی پر زور دیا جو اس وقت 80 ممالک میں کام کر رہا ہے اور دنیا بھر میں 91 ملین سے زیادہ بچے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کلیدی شعبوں جیسے کہ سبز مہارتوں، ڈیجیٹل خواندگی اور لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتا ہے اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی گہری دلچسپی اور رانا مشہود احمد خان کی قیادت کے ساتھ مجھے یقین ہے کہ ہم ان شعبوں میں نمایاں پیشرفت حاصل کر سکتے ہیں۔

سٹریٹجک ایڈوائزری کونسل کو تعلیم، ہنر کی ترقی، اور روزگار کے مواقع، خاص طور پر پسماندہ نوجوانوں کے لیے سرمایہ کاری کے لئے سٹریٹجک رہنمائی فراہم کرنے کا کام سونپا گیا ہے جبکہ یونیسف تکنیکی مدد کی پیشکش کرے گا۔ فادیل نے بامعنی نتائج کی فراہمی کے لئے اقوام متحدہ کے تمام اداروں میں وسیع تر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔کونسل کا قیام وزیراعظم یوتھ پروگرام اور یونیسف کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔ کونسل نے سکول کے بچوں کو ایسے پروگراموں سے جوڑنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جو انہیں ضروری مہارتوں سے آراستہ کرتے ہیں جو سب کے لئے روشن مستقبل کو یقینی بناتے ہیں۔