ہمارے کھلاڑی عالمی سطح پرملک کا نام روشن کر رہے ہیں، ان کی محنت کی قدر کرتے ہیں، حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، رانا ثناء اللہ خان

3
Rana Sanaullah Khan
Rana Sanaullah Khan

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑی عالمی سطح پرملک کا نام روشن کر رہے ہیں، حکومت ان کی محنت کی قدر کرتی ہے اور مستقبل میں بھی ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔وہ بدھ کو پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) میں کیش ایوارڈز اور فیڈریشنز کو چیک تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی، ڈی جی پی ایس بی محمد یاسر پیرزادہ، عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ ارشد ندیم، ٹینس سٹار اعصام الحق سمیت دیگر قومی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ اس طرح کی تقاریب کو بہتر انداز میں منایا جائے تاکہ عوام اور نوجوان کھیلوں کی طرف راغب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اچھی تجویز سامنے آتی ہے تو حکومت اسے اپنانے میں دیر نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے قومی، صوبائی اور ضلعی سطح پر کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات ناکافی تھے لیکن اب قومی سطح پر کیش ایوارڈز میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے مناسب انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 32 کھلاڑیوں کو ایوارڈز دیئے گئے تھے جبکہ آج 36 مزید کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ارشد ندیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے ذریعے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا ہے اور حکومت کی طرف سے ان سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ جو کھلاڑی قومی یا بین الاقوامی سطح پر پہنچ چکے ہیں، ان کی کوچنگ وہیں سے دوبارہ شروع کی جائے تاکہ ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں، صحت مند فرد سے ہی صحت مند قوم بنتی ہے اور کھیلوں کے بغیر صحت کا کوئی تصور نہیں ہے۔

انہوں نے کھیلوں کی فیڈریشنز میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیشتر فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز ریٹائرڈ افراد کے لیے پارکنگ پلیس بن چکی ہیں، ان میں ہر تین یا پانچ سال بعد قیادت کی تبدیلی ضروری ہے۔ انہوں نے ڈی جی سپورٹس بورڈ اور سیکرٹری آئی پی سی کو ہدایت کی کہ وہ ان اداروں میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کریں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 24 کروڑ آبادی والے ملک کے صرف 7 کھلاڑیوں کا اولمپکس میں شرکت کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے سالوں میں پاکستان کھیلوں کی دنیا میں بہتر انداز میں نمائندگی کرے گا۔ وفاقی سیکرٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے اس موقع پر کہا کہ پی ایس بی نے انعامات کی تقسیم کے لیے ایک پالیسی ترتیب دی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔