لاہور۔8نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ قوم اور ایک آزاد ملک کا تصور پیش کیا۔شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے کلام میں عقل و دانش کے خزانے چھپے ہوئے ہیں۔
علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ آج شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ۔علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ قوم اور ایک آزاد ملک کا تصور پیش کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نوجوانوں کو شاہین کی طرح خوددار اور ان میں اعلی اخلاق کی خصوصیات دیکھنا چاہتے تھے،نوجوان نسل شاعر مشرق کے فلسفہ خودی کی روح کو سمجھ کر اپنے اندر شاہین جیسی خصوصیات پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے ہمیشہ مسلمانوں کو متحد ہونے کا درس دیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں علامہ محمد اقبال کے خودی،اتحاد اور امید کے پیغام کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم ملکی مفاد کے لیے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھ کر ایک قوم بن کر سوچیں گے۔