ہمیں اپنی نوجوان نسل کوکتاب بینی کی جانب راغب کرنے اور اسےفروغ دینے کی اشد ضرورت ہے،وفاقی وزیر مذہبی امور وسیفران سینیٹر طلحہ محمود

343

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور وسیفران سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہےکہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کوکتاب بینی کی جانب راغب کرنے اور اے فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔ان خیلات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مصنف امجد صدیقی کی تازہ تصنیف "درد کا سفر” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نےمصنف امجد صدیقی کی تازہ تصنیف "درد کا سفر” کی تقریب رونمائی میں صاحب کتاب کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی معذوری کو مجبوری بنانے کے بجائے اس کے ذریعے لوگوں کیلئے ہمت اور امید کا چراغ جلا کر راستہ دکھانے کی کوشش کی ہے،امجد صدیقی نے اپنی کتاب میں زندگی کے تجربات کو بیان کیا ہے اور اور پیغام دیا ہے کہ انسان کو کسی بھی حال میںمحنت اور ہمت کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئےاور ہر حال میں اپنی جدوجہد اور محنت کو جاری رکھنا چاہئے،ہمیں اپنی نوجوان نسل کوکتاب بینی کی جانب راغب کرنے اور اے فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اچھی کتاب پڑھنے کا لطف الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

اس موقع پرصاحب کتاب امجد صدیقی نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب لکھنے میں سات سال کا عرصہ صرف ہوا،ہمارے معاشرے میں معذور افراد کو نظرانداز کیا جاتا ہے انکی طرف طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے،یہ کتاب مایوس لوگوں کیلئے امید کی کرن ہے،1979 میں روزگار کے سلسلے میں سعودیہ گیا تو ایک حادثے میں معذور ہو گیا اور مجھے کہا گیا کہ آپکی زندگی ختم ہو گئی ہے مگر میں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی جدوجہد کو جاری رکھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسٹن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور اعوان نے کہا کہ یہ کتاب صرف معذور افراد کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے تحفہ ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر اکرام نے کہا کہ امجد صدیقی کا کام اس قابل ہے کہ انہیں سرکاری سطح پر کسی بڑے اعزاز سے نوازا جائے،

سابق سفیر عمر علی شیرزئی نے کہا کہ امجد صدیقی عزم و ہمت کی جیتی جاگتی تصویر ہیں،انہوں نے اپنی معذوری کو کمزوری بنانے کے بجائے اسے اپنی طاقت بنایا،تقریب سے دوسروں کے علاوہ منظور انصاری، کرنل راشد، رانا عطاء اور بریگیڈیئر طاہر گلزار نے بھی خطاب کیا، تقریب کی نظامت کے فرائض لقمان شاہ نے ادا کئے، تقریب کے آخر میں مصنف نے مہمان خصوصی سینیٹر طلحہ محمود کو کتاب کا تحفہ پیش کیا۔