اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی ، داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی پالسیوں کو سوشل انٹرپرینیور کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، جس ملک کی معیشت مضبوط ہے اس کا دفاع بھی مضبوط ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان پلاننگ اینڈ مینجمنٹ انسٹیٹوٹ میں سنٹر آف سوشل انٹرپرینیور شپ کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ 70 سالوں میں ہم بہت سے ملکوں سے پیچھے رہ گئے ہیں جس کی بنیادی وجہ ملک میں عدم استحکام، سیاسی انتشار ہے، احساس محرومی دینے والوں نے یہ نہیں بتایا کہ ملائیشیا اور چین جیسے ملکوں کو بے یقینی کی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تو یہ بھی معلوم نہیں ہو رہا تھا کہ سینٹ کے انتخابات ہوں گے بھی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا واحد ذریعہ یہی ہے کہ جس کی معیشت مضبوط ہے اس کا دفاع بھی مضبوط ہے، ہمیں مضبوط اقتصادی قوم بننا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کو مضبوط بنانا ہے، جب تک ہم اپنے سوشل سیکٹر کو مضبوط نہیں کریں گے تب تک ملکی ترقی ناگزیر ہے، پوری دنیا میں سوشل انٹرپرینیور شپ کا ایک طاقتور نظریہ کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔