اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان ، موجودہ پاکستان بلائنڈکرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے یوم آزادی کےموقع پر قوم کو مبارکباد دیتےہوئے کہا ہے کہ یہ ملک ہمارے آبائو اجداد کی لازوال قربانیوں کے نتیجہ میں معرض و جود میں آیا ہے، ہمیں ملک کی حفاظت کے لئےکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے اور ملک کی ترقی میں ہر ایک کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو وطن عزیز کے77 ویں یوم آزادی کے حوالے سے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتےہوئے کیا۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان ہمارے آبائو اجداد کی لازوال قربانیوں کے بعد آزاد ہوا اور لاتعداد لوگوں نے آزادی کے لئے مال و جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ کوشش کرنی چاہیے کہ اس ملک کی فلاح و بہبود کے لئے ضرور کچھ کریں اور اس کی ترقی میں حصہ ڈالیں ، ملکی وقار کو بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ملک کے ضوابط ،قوانین اور آئین کی پاسداری کی جائے ۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے جس کی کھلی فضائوں میں ہم سانس لیتے رہیں۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ کھیل کے میدان میں پاکستان کرکٹ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھی بڑے کارنامے سر انجام دیئے ہیں۔ بلائنڈ کرکٹ نے ہمیشہ ملک کے لئے اچھا سوچا اور کیا ہے۔ ہم نے 2 مرتبہ ورلڈ کپ جیتا ہے ۔
حال ہی میں پاکستان بلائنڈکرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں نمبر ون ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے کے لئے ہم نے بنگلہ دیش، نیپال اور افغانستان میں بلائنڈ کرکٹ شروع کی اور وہاں پر نیشنل ٹیمیں بھی بنائی ہے اور پاکستانی کوچز نے آسٹریلیا، نیپال ، بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو تربیت دی ہے اور اب پاکستانی کوچز افغانستان کے بلائنڈ کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔