ہمیں تمام معاملات پس پشت ڈال کر مختلف ممالک کے ساتھ بیٹھنا چاہیے، کوئی غیر جمہوری رویہ اپنائے گا تو اسی انداز میں جواب دیا جائے گا،سینیٹر ایمل ولی خان

102

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمام معاملات کو پس پشت ڈال کر مختلف ممالک کے ساتھ بیٹھنا چاہیے، اگر کوئی غیر جمہوری رویہ اپنائے گا تو اسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےمنگل کو سینیٹ کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر کیا۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں روسی فیڈریشن کی سپیکر کی آمد کے موقع پر قائد حزب اختلاف کی عدم موجودگی محسوس کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر موجود تھے لیکن قائد حزب اختلاف کی موجودگی سے صورتحال بہتر ہوتی۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کل کے اجلاس میں ہم کسی جماعت کے سینیٹر نہیں تھے بلکہ پاکستانی تھے اور اسی حیثیت سے ہمیں ملکی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ اگر کوئی غیر جمہوری رویہ اپنائے گا تو اسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔