راولپنڈی۔ 04 نومبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ڈویژن بھر کے اسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کا اعتماد سرکاری اداروں پر بحال کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز موصول شدہ درخواستوں کا فوری ڈسپوزل یقینی بنائیں۔ کسی کے پاس کوئی بھی درخواست تین دن سے زیادہ اور کورٹ کیس فائل ایک ماہ سے زیادہ پینڈنگ میں نہ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر اپنے تحصیلدار اور رجسٹرار دفاتر کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور وہاں پر صفائی، ریونیو معاملات اور بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا سب سے زیادہ واسطہ انہی دفاتر سے پڑتا ہے اس لئے مسلسل مانیٹرنگ سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوامی فلاح اور سہولت کے لئے بنائے گئے یہ سرکاری محکمے صحیح معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کریں۔
کمشنر آفس راولپنڈی میں ستھرا پنجاب کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سبطین کاظمی کے علاوہ ضلع راولپنڈی،اٹک، جہلم، چکوال اور مری کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب کے لئے اب تک ڈویژن بھر کی 17 یونین کونسلز کو آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے جبکہ باقی چار یونین کونسلز کی پری کوالیفیکیشن مکمل جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن یونین کونسلز آؤٹ سورسنگ کو پراسس مکمل ہو چکا وہ یکم دسمبر سے پہلے پہلے آپریشنل فیز میں آ جائیں گے اور جن یونین کونسز کی آؤٹ سورسنگ ابھی پراسس میں ہے وہاں آپریشنل ہونے کے لئے یکم جنوری 2025 کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ جب تک کنٹریکٹرز آپریشن شروع کرتے وہاں زیرو ویسٹ کی ذمہ داری متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر پر ہے۔