مظفرگڑھ۔ 17 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ حکومت نے سموگ کا آفت قرار دیے دیا ہے جس کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے ۔ تمام متعلقہ سرکاری محکموں میں افسران اور سٹاف کی چھٹیوں کو منسوخ کردیا گیا ہے یہ بات انہوں نے سموگ کی روک تھام کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ ضلع ملتان کے قریب ترین ہے اور ملتان میں فضائی آلودگی اور سموگ زیادہ ریکارڈ کی جارہی ہے اس لئے ہمیں بھی سموگ سے نمٹنے کےلئے بھر پور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں زگ زیگ کے بغیر چلنے والے تمام بھٹوں کو مسمار کیا جائے اور تمام بھٹوں کو ڈیٹا مرتب کیا جائے۔ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو فوری طور پر آف روڈ کیا جائے ۔ فصلات کی باقیات جلانے والوں کو خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے تمام سرکاری محکموں کی گاڑیوں کی پڑتال کی جائے جو گاڑیاں خراب ہیں اور دھواں چھوڑتی ہیں ان کو فوری طور پر مرمت کرایا جائے اور آف روڈ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہائیر سکینڈری تک کے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹیاں کردیں ہیں جہاں اب آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں سموگ سے بچاو اور حفاظتی اقدامات کا شعور و آگاہی کےلئے سیشن اور واک کی جائے۔
اجلا س میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ، اسسٹنٹ کمشنر عرفان ہنجرا، پی ڈی ایم اے سے عرفان سیال، سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس، ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال عامر رسول، ڈی ا و ایجوکیشن منیر اکبر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز کبریٰ بانو، ریسکیو 1122 سے فیصل ہمدانی سمیت ٹریفک پولیس اور محکمہ ماحولیات کے افسران نے شرکت کی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے ریڑھی بازار، ویگن سٹینڈ اور بس سٹینڈ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں ریڑھی بازار میں روزمرہ استعمال کی سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور ریڑھی بانوں کو ہدایت کی کہ نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کریں اور مقرر کردہ نرخوں پر سبزی اور پھل کی فروخت کو یقینی بنانے۔ ریڑھی بازار کو صاف رکھا جائے۔انہوں نے بس سٹینڈز پر سموگ کے آگاہی دینے کےلئے قائم کاونٹرز کا بھی معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے دارالامان اور قصر بہبود کا بھی معائنہ کیا اور زیر تربیت خواتین سے ان کے ہنر بارے دریافت کیا اور ہدایت کی کہ وہ اپنے ہنر میں بہتر سے بہتر مہارت حاصل کریں اور اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے دارالامان میں مقیم خواتین میں کپڑے اور تحائف بھی تقسیم کئے۔