فیصل آباد ۔16اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ہمیں سیرت طیبہؐ پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اور اسی طرز پر مدینہ کی ریاست قائم کرنی ہے،جس میں معاشرہ کے تمام طبقات کے حقوق کا خیال رکھا جاتا ہے ،حکومت سرکاری سطح پر عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ منارہی ہےتا کہ نئی نسل سیرت النبیؐ سے منسلک رہے اس کا مطالعہ کرے اور یہ سیکھے کہ ہم کس طرح عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کر سکتے ہیں۔
ہفتہ کے روز گورنمنٹ ماڈل ایم سی گرلز ہائر سیکنڈری سکول سمن آباد فیصل آباد میں عشرہ شان رحمت اللعالمین ؐ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کیلئے یہ فخرکی بات ہے کہ آج وہ عشرہ شان رحمت اللعالمین ؐکے پروگرام کا حصہ اوریہاں بیٹھے سب لوگ عاشق رسول ؐ اور حضور اکرم ؐ کی زندگی سے سیکھنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیرت النبیؐ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اسی لئے حکومت سرکاری سطح پر اس کو ا س لئے منارہی ہے کہ یہ ضروری ہے کہ ہماری نئی نسل سیرت النبیؐ سے منسلک رہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے یکساں تعلیمی نصاب متعارف کرایا کیونکہ ایک قوم بننے اور ایک سوچ اپنانے کیلئے یہ بہت ضروری ہے ،ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ عشرہ شان رحمت اللعالمین ؐ کی مناسبت سے ہم اس پراس کی اصل روح کے مطابق عمل بھی کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ؐ نے مدینہ کی ریاست میں جس معاشرے کی بنیاد رکھی تھی اس میں ہر طبقے کے حقوق کا خیال رکھا جا تا تھاجن میں یتیم، مسکین، والدین، پڑوسی، خواتین اور اقلیتوں سمیت سب شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ میثاق مدینہ سے شاندار کوئی معاہدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سیرت طیبہؐ پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اوراسی طرز پر مدینہ کی ریاست قائم کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا خاص طور پر اس سے دلی لگاؤ ہے کیونکہ وہ سچے عاشق رسول ؐ ہیں یہی وجہ ہے کہ اس حکومت نے یکساں تعلیمی نصاب متعارف کروایا کیونکہ ایک قوم بننے اور ایک سوچ اپنانے کیلئے یہ بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک نظریئے کے تحت چلنا ہے مگراس سے پہلے تین قسم کے نصاب سے طبقاتی تقسیم پیدا ہورہی تھی جبکہ اس سے مغربی سوچ میں بھی اضافہ ہورہا تھالیکن ہم نے تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیکر بہت محنت سے یکساں قومی نصاب رائج کیاجس کے باعث اب پاکستان کے تمام طالبعلم ایک جیسا سلیبس پڑھیں گے جس میں نظریہ پاکستان بھی موجود ہے، قرآنی تعلیمات، سیرت النبیؐ اور وہ تمام تعلیم موجود ہے جس سے ایک اچھا معاشرہ پروان چڑھتا ہے اس سے طبقاتی تقسیم کابھی خاتمہ ہوگا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ہم نے ایک بڑا وعدہ پورا کردیا ہے تاہم ہمیں ماں کی گود سے لیکر قبر تک علم حاصل کرنااور اس میں سب سے اہم سیرت النبیؐ ؐکا مطالعہ کرنا بھی ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ عشرہ شان رحمت اللعالمین ؐ کی مناسبت سے ہم اس کی تعلیمات پر عمل پیرا بھی رہیں گے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیرت النبیؐ اورمدینہ کی ریاست کے مختلف پہلوؤں پر تحقیق کیلئے اپنی سربراہی میں رحمت اللعالمینؐ اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جو نہ صرف تعلیمی نصاب کا جائزہ لے گی بلکہ سوشل میڈیا پر نازیبا مواد کی بھی مانیٹرنگ کرے گی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ رحمت اللعالمین ؐاتھارٹی میں دنیا بھر کے سکالر شامل ہوں گے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کیلئے ایک رکن کو ذمہ داری دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اتھارٹی حضرت محمدؐکی زندگی کے مختلف پہلوؤں میں سے تعین کرے گی کہ اس میں سے بچوں کو کون سا سبق دینا ہے اور بڑوں کو کیا پڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کو اس سمت لے کر جائیں گے جس کی بنیاد پر 74سال پہلے پاکستان بنا۔انہوں نے کہا کہ مدینے کی ریاست کے اصولوں پر چلیں گے تو ملک ترقی کر ے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم عشرہ رحمت اللعالمینؐ کے انعقاد پر فخر محسوس کرتے ہیں کیونکہ جب بھی کوئی معاشرہ ترقی کے راستے پر گامزن ہوتا ہے تو اس کی بنیاد مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر عمل ہے لہٰذا ہم مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گاجبکہ اسلامی فلاحی ریاست بنانا پاکستان کیلئے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کی بنیاد انسانیت اور انصاف کا نظام تھااسلئے اگر ہم نے اپنے ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے تو ہمیں نبی الزماں ؐ کی اتباع کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حضر محمدؐ کی زندگی عظمت کا راستہ ہے اوران کے راستے پر چلنے کے حکم میں ہی ہماری بہتری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو پیار و محبت، اخوت و بھائی چارے، اتحاد و اتفاق، امن و آشتی اور دوسروں کے ساتھ حسن سلوک کی دعوت دیتابلکہ یہ ایک خدا، ایک رسول ؐاور ایک کتاب کی بنیاد پر تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے سمیت گروہ بندی، برادری ازم اور رنگ و نسل کی نفی کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں نے اتحاد و اتفاق، باہمی ہم آہنگی اور اخوت و بھائی چارے کی مضبوط رسی کو تھام کر پوری دنیا کو پیار و محبت سے تسخیر کیا۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد علی احمد سیان، محکمہ تعلیم کے دیگر افسران، ادارہ کی سربراہ، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔