ہمیں طلبا کوبین الاقوامی معیارکو مدنظر رکھتے ہوئے فنی مہارت فراہم کرنا ہے، احسن اقبال

90

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):‏وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں طلبا کوبین الاقوامی معیارکو مدنظر رکھتے ہوئے فنی مہارت فراہم کرنا ہے، کاروباری افراد، ہیومن ریسورس، اور انڈسٹری کے سٹیک ہولڈرز کو بلا کر ورک شاپس منعقد کی جائیں اور تعین کیا جائے طلبا کو کونسے جدید فنی علوم درکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو حلف برداری کے بعد نسٹ کے قومی مرکز برائے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے پہلے سرکاری دورہ کے دوران کیا۔

ریکٹر نسٹ نے وفاقی وزیر کو خوش آمدید کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے سینٹر کے جائزہ کو اپنی ترجیحات میں رکھا۔ انہوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس مرکز کی لیباریٹریز کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ ہمیں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا ہوگا، جدت کو اپنانا ہوگا،آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کرتے ہوئے صحت، تعلیم، پولیس، عدلیہ کے نظام کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے۔