ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم ذاتی مفادات کی بجائے ملکی مفادات کو ترجیح دیں گے ، مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ملک ابرار احمد کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

68
غیر وابستہ تحریک کے سربراہی سطح کے رابطہ گروپ کا اجلاس ، تحریک کے چیئرمین الہام علیوف کی کووڈ-19 کے باعث دنیا پر پڑنے والے منفی اثرات کے تدارک اور بحالی کیلئے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل کے قیام کی تجویز

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ملک ابرار احمدنے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی پروگرام دیا تو وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ، ملک کے 75 ویں یوم آزادی پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم ذاتی مفادات کی بجائے ملکی مفادات کو ترجیح دیں گے ،قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کے لئے پرعزم ہیں، آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنے نوجوانوں کو بھی درست سمت پرلیکر چلنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔

جمعہ کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کر تے ہوئےملک ابرار احمد نے کہا کہ بانیٔ پاکستان جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے مسلّمہ رہنما قائد اعظم محمد علی جناح کی مختلف تقاریر سے واضح کرنے کی کوشش کی ہے کہ پاکستان جیسی خدائی نعمت حاصل کرنے والے عظیم رہبر کی کیا توقعات اور تمنّائیں تھیں، کیا خواب تھے، وہ کیسا پاکستان دیکھ رہے تھے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو اقوام عالم کی صفوں میں کس مقام پر دیکھنا چاہتے تھے۔

اس حوالے سے اس 75ویں سال کے دوران ہماری یونیورسٹیوں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کو چاہئے کہ مختلف ادوار میں مختلف شعبوں پر تحقیق کروائی جائے اور یہ تحقیقی مقالے اسی دوران منظر عام پر آتے رہیں تاکہ آج کے نوجوان کو گزشتہ 74سال کے سفر کی مشکلات چیلنجوں اور قوم کی مزاحمت کے مناظر دیکھنے کو ملیں۔انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ آج ہم بحیثیت قوم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔

غلامی بڑی لعنت اور آزادی انمول نعمت ہے .آزادی کا حصول آسان نہیں اس کیلئے پوری قوم نے مل کر حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی بے لوث قیادت میں شبانہ روز محنت کی اس دور کے نوجوانوں نے اس ملک کی بنیادوں کی آبیاری اپنے خون سے کی ، اس لیے کہ آنے والی نسلوںمیں سب ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی عزت ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو جائے اور یہ سب کچھ اس خاطرکہ ہمارااپنا آزاد وطن ہوگا.

ملک کے سب وسائل ہماری دسترس میں ہونگے اس کے سارے فوائد ہم خود حاصل کریں گے امن وامان سے رہیں گے کسی غیر ملکی قوت اور طاقت کی دخل اندازی ہر گز نہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تحمل ، بردباری اور احترام کی سیاست کو ایک شخص نے تشدد ، حملوں کی سیاست میں تبدیل کر دیا ہے ، پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر جمہوری حکومتوں کے اقتدار سب کے سامنے ہیں، کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جب اقتدار سے باہر ہو تو ملک توڑنے کی باتیں کی جائیں ۔

ملک ابرار احمد نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں بہت سی کامیابیوں سے نوازا ہے پاکستان اسلامی ممالک میں سے واحد ایٹمی طاقت ہے۔ وطن عزیز نے دفاعی سامان کی تیاری اور میزائل ٹیکنالوجی میں قابل فخر ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس پر ہمارا سر فخر سے بلند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم نے فرمایا تھا کہ ’’پاکستان اسلامی اقدار کی تجربہ گاہ بننے والا ہے‘‘ ۔