اسلام آباد۔4 مئی(اے پی پی )نیکٹا کے کوآرڈینیٹر احسان غنی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی ماضی کی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہوئے قائداعظم کی سوچ کے مطابق مستقبل کے لیے اہداف مقرر کرنا ہوں گے اسی طرح معاشرے میں اجتماعیت کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیر اہتمام اجتماعیت کی طرف پیش رفت کے حوالے سے تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی کے کوآرڈینیٹر احسان غنی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن اور برداشت کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے ،احسان غنی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت نیکٹا نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کیے جن میں نفرت انگیز تقاریر پر پابندی لگانا اور قومی سطح پر ایک بیانیہ پیدا کرنا ہے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت موسمی تغیرات کی پارلیمانی سیکرٹری رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ تمام شہریوں کو اپنے آئینی حقوق کا علم ہونا چاہیے اور شہری بشمول قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر مسلم کے حقوق کا بھی احترام کرنا چاہیے کیونکہ قانون کسی امتیاز کے بغیر سب کو تحفظ فراہم کرتا ہے ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں سے متعلق سپریم کورٹ کے 2014کے فیصلے پر من وعن عمل ہونا چاہیے۔