ہمیں ملکر ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسئلہ کا حل تلاش کرنا ہوگا،سپیکر پنجاب اسمبلی

121

لاہور۔27جون (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں ایک عالمی مسئلہ ہے اور ہمیں ملکر اس کا حل تلاش کرنا ہوگا، بطورذمہ دار شہری ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ہمیں موثر آگاہی مہم کو عام کرنا ہوگا۔ پاکستان کا شمار ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ہوتا ہے جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ماضی میں اس سنگین مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، اب چونکہ یہ ایک عالمی مسئلہ بن گیا ہے اس لیے بطور ایک ذمہ دار شہری کے ہم سب کو مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی رفتار کو کم کرنے کے لیے جہاں آگاہی مہم کو موثر بنانا ناگزیر ہے وہاں پر درختوں کی یعنی شجر کاری مہم کو تیز کرنا ہوگا۔شاپنگ بیگ جو کہ ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کرتے ہیں ان کو کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے۔ ملک احمد خان نے کہا ہے کہ تین دہائیوں کے اند ر اندر ماحول بالکل بدل گیا جس نے پرندوں کی افزائش اور نقل مکانی پر بھی اثر ڈالا ہے،ہمارے کنٹرول میں بارڈر کی لکیر تو ہے لیکن بھارت سے آنے والی ہوا کا کنٹرول تو نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سکیموں کا قبرستان دیکھا ہے ، ہماری حکومت نے سموگ پر پالیسی نہیں دی ۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کا کاروبار کرنے والوں سے کوئی جھگڑا نہیں،جس طرح سے بھی کر سکتے ہیں ایک درخت لازمی لگائیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکی کانگرس کی قرارداد کی بنیاد انٹر نیٹ کی بندش ہے ،یہ انٹر نیٹ سروس عید ،محرم پر بھی سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے بند ہوتی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات پر اعتراض ہو سکتے ہیں لیکن ان کے خلاف صرف 26 پٹیشنز دائر کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے بھی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرتے رہے ہیں، تحریک انصاف کے کچھ حمایت یافتہ ممبران کانگرس اس طرح کے معاملات کو اٹھاتے رہتے ہیں اور اس پراربوں ڈالر خرچ کئے جاتے ہیں۔