بیجنگ ۔13جون (اے پی پی):سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے زیر اہتمام کامریڈ چھن یوئن کی ایک سو بیسویں سالگرہ پر سمپوزیم بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں منعقد ہوا۔ چینی میڈیا کے مطابق سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، چینی صدر اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پنگ نے اس موقع پر ایک اہم تقریر کی۔ سی پی سی سینٹر ل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کی قائمہ کمیٹی کے ارکان لی چھیانگ، وانگ حو نینگ، چائی چھی، ڈنگ شوئےشیانگ اور لی شی نے سمپوزیم میں شرکت کی
جبکہ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن چاؤ لہ جی نے سمپوزیم کی صدارت کی۔ شی جن پنگ نے اپنی تقریر میں کامریڈ چھن یوئن کی شاندار زندگی کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کامریڈ چھن یوئن آنجہانی ماؤ زے تنگ کی مرکزیت پر مبنی سی پی سی کی پہلی نسل کی مرکزی قیادت اور آنجہانی ڈنگ شیاؤ پنگ کی مرکزیت پر مبنی سی پی سی کی دوسری نسل کی مرکزی قیادت کے اہم رکن تھے اور انہوں نے پارٹی اور عوام کی ترقی میں اہم خدمات سرانجام دیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کامریڈ چھن یوئن کی بھرپور قیادت کے تجربے سے سیکھنا ہوگا اور پارٹی کی معاشی اور سماجی ترقی اور اپنی اصلاح کی صلاحیت کو بہتر بنانے کی کوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نئے ترقیاتی ڈھانچے کی تشکیل کو تیز کرتے ہوئے اعلی معیار کی ترقی کو صحیح معنوں میں فروغ دینا ہوگا، اصلاحات کو مزید گہرا کرنا ہوگا اور غیرمتزلزل طور پر اعلی ٰ معیار کے کھلے پن کو وسعت دینا ہوگی تاکہ چینی طرز کی جدیدکاری میں مزید توانائی پیدا کی جائے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ ہم پارٹی کی جامع اور سخت حکمرانی کو مزید فروغ دیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پارٹی ہمیشہ چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کا نصب العین رکھنے والی قیادت میں مضبوط مرکز رہے۔