ہمیں گفتار کے نہیں کردار کے غازی درکار ہیں، سیرت طیبہ کی جھلک ہمارے کردار میں نظر آنی چاہیے، نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد کا سیرت کانفرنس سے خطاب

101
ہمیں گفتار کے نہیں کردار کے غازی درکار ہیں، سیرت طیبہ کی جھلک ہمارے کردار میں نظر آنی چاہیے، نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد کا سیرت کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ ہمیں گفتار کے غازی نہیں بلکہ کردار کے غازی درکار ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز قومی احتساب بیورو کے زیر اہتمام سیرت کانفرنس سے خطاب کے موقع پر کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔ قوموں کی زندگی میں آزمائشیں آتی ہیں لیکن مومن مایوس نہیں ہوتا، سیرت کی پہلی کتاب قرآن کریم ہے، ہمیں چاہیے کہ قرآن اور صاحب قرآن سے اپنا تعلق مضبوط رکھیں، حضور ﷺ کا کردار اور اخلاق مجسم قرآن ہے، قرآن کریم کا حکم ہے کہ جو رسول ﷺتمہیں دیں لے لو اور جس سے روک دیں رک جائو، اہل ایمان اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے ٹوٹ کر محبت کرتے ہیں ، سیرت طیبہ کی جھلک ہمارے کردار میں نظر آنی چاہیے، اگر چاہتے ہیں کہ اللہ کے محبوب بن جائیں تو اس کے حبیب کی اتباع کرنا ہو گی۔

انہوں نے تقریب میں موجود طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنا بہترین وقت دین سیکھنے میں صرف کریں، قرآن کریم کی کم از کم تین آیات کو روزانہ سمجھ کر پڑھنے کا آغاز کریں ، بیشتر مسائل خودبخود ختم ہو جائیں گے، طلباء تسخیر کائنات کیلئے علم حاصل کریں اور پاکستان کی خدمت کریں۔