ہم اس نظام کو بدلیں گے،میرے دل کو سکون تب ملے گا جب آپ کے گھروں میں روشنی کے چراغ جلیں گے، مسلم لیگ (ن)کے قائدمحمد نواز شریف کا ننکانہ صاحب میں جلسہ عام سے خطاب

113
Nawaz Sharif
Nawaz Sharif

ننکانہ صاحب ۔24جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں کوئی امپورٹڈ وزیر اعظم نہیں تھا،کیا کوئی کہہ سکتا ہے کہ آج کا پاکستان نواز شریف کے 2017 کے پاکستان سے بہتر ہے؟،عوام کو تکلیف میں دیکھ کر مجھے جتنی تکلیف ہوتی ہے یہ میں بیان ہی نہیں کر سکتا ۔ہم اس نظام کو بدلیں گے،میرے دل کو سکون تب ملے گا جب آپ کو نوکریاں ملیں گی،آپ کے گھروں میں روشنی کے چراغ جلیں گے۔وہ بدھ کے روز الیکشن مہم کے سلسلہ میں ننکانہ صاحب میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ سردی کے باوجود جلسے میں اتنے لوگوں کی شرکت پر ان کے جذبے کو داد دیتا ہوں۔نواز شریف نے کہا کہ میں لاہور سے یہاں موٹر وے پر آیا ہوں اس بات کی مجھے بہت خوشی ہے کہ یہ موٹر وے میں نے2017 میں بنائی تھی،اگر میری حکومت نہ جاتی تو یہ موٹر وے اب تک کراچی پہنچ چکی ہوتی لیکن اس ملک کے مخالفین نے یہ موقع نہیں دیا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پھر بھی میری ہمت نہیں ٹوٹی۔ملک میں18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی ،ہمارے زمانے میں دہشتگردی کس نے ختم کی؟شہر کراچی کا امن کس نے بحال کیا؟اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ میرے ہاتھوں میں ہتھکڑی ڈال دی گئی اور مجھے جیل میں ڈال دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ کیا کوئی کہہ سکتا ہے کہ آج کا پاکستان نواز شریف کے 2017 کے پاکستان سے بہتر ہے؟آج ڈالر،چینی،روٹی سب کچھ مہنگا ہو چکا ہے۔پاکستانیوں کو اتنی تکلیف میں کیوں ڈالا گیا؟آپ کو تکلیف میں دیکھ کر مجھے جتنی تکلیف ہوتی ہے یہ میں بیان ہی نہیں کر سکتا۔نواز شریف نے کہا کہ میرے دل کو سکون تب ملے گا جب آپ کو نوکریاں ملیں گی،آپ کے گھروں میں روشنی کے چراغ جلیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں کوئی امپورٹڈ وزیر اعظم نہیں تھا۔اگر ہمارا دور چلتا رہتا اور سازش نہ ہوئی ہوتی تو میں دعوے سے کہتا ہوں کہ ایک بھی شخص ننکانہ صاحب میں بے روزگار نہ ہوتا،اسکول ہوتا،یونیورسٹی ہوتی،لوگ خوشحال ہوتے، آٹا سستا ہوتا،بجلی کی قیمت کم ہوتی۔نواز شریف نے بتایا کہ لوگ بجلی و گیس کے بل سے پریشان ہیں،مہنگائی سے پریشان ہیں،یہ پاکستان کا حشر نواز شریف کے جانے کے بعد ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس نظام کو بدلیں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم یہاں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم بنا کر دیں گے،ہم یہاں یونیورسٹی قائم کریں گے،ہم وہ کام کر کے جائیں گے جو تاریخ میں یاد رکھے جائیں گے،نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے وہ پورا کرتا ہے،میں وہ نہیں جس نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا،یہ ہمارا شیوہ نہیں ہے۔