ہم امریکہ سے اقتصادی، دفاعی، تجارتی ،موسمیاتی تبدیلیوں، سیکیورٹی اور تعلقات پر مبنی گہری شراکت داری چاہتے ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ

78
ہم امریکہ سے اقتصادی، دفاعی، تجارتی ،موسمیاتی تبدیلیوں، سیکیورٹی اور تعلقات پر مبنی گہری شراکت داری چاہتے ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ہم امریکہ سے اقتصادی، دفاعی، تجارتی ،موسمیاتی تبدیلیوں، سیکیورٹی اور تعلقات پر مبنی گہری شراکت داری چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ وہ ان تعلقات کو لے کر آگے بڑھیں، حالیہ دنوں میں سفارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، چینی اور امریکی عہدیداروں کے دوروں سے پاکستان کی امریکہ اور چین دونوں سے باہمی مفادات پر مبنی تعلقات میں اضافہ کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کے پولٹ بیورو کے ڈائریکٹر نے پاکستان کا دورہ کیا، دورے کے دوران حکومت کے سی پیک منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے عزم کی تجدید کی گئی، کورونا وبا کے پھیلاو¿ کی روک تھام اور چین میں پاکستانی طلبہ کی تعلیم کی بحالی پر شکریہ ادا کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کراچی دہشت گردی واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور چینی اساتذہ پر حملے کی تحقیقات ترجیحی بنیادوں پر جاری ہیں۔ عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو سوشل میڈیا پر پاکستانی سفارت خانوں تک رسائی روکنے پر طلب کیا گیا، پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ کشمیر میں رواں ہفتے ایک درجن کے قریب کشمیری نوجوانوں کو جعلی گھیرائو اورتلاشی آپریشنز میں گرفتار کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ گذشتہ روز وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، علاقائی صورتحال پر دونوں فریقین نے افغانستان میں مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے خصوصی نمائندے نے بھی گزشتہ دنوں پاکستان کا دورہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ 30 جون کو متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور وزیر خارجہ سے ان کی دادی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ دفترخارجہ نے گذشتہ دنوں مینگو فیسٹول کا انعقاد کیا، وزیر خارجہ نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی، تقریب میں متعدد سفیر اور سفارتی حکام شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ بیرون ممالک پاکستانی سفارت خانے مینگو ٹیسٹ تقریبات کا انعقاد کریں گے۔