اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہم اپنی اقلیتوں کی تمام شعبوں میں نمائندگی اور ان کی شراکت پر بے پناہ فخر محسوس کرتے ہیں۔ہفتہ کو قومی اقلیتی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 11اگست کو اقلیتی دن کے موقع پر، ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری الفاظ یاد کرتے ہیں: "آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اپنی مساجد میں جانے کے لیے آزاد ہیں یا اس ریاست پاکستان میں کسی بھی عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائد کے خواب کی تکمیل کے عزم کے تحت، آج ہم ہر پاکستانی شہری کے لیے، خواہ وہ کسی بھی مذہب، رنگ، ذات، نسل یا عقیدہ کا ہو، تمام بنیادی حقوق کی برابری اور رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اپنے اقلیتوں کی تمام شعبوں میں نمائندگی اور ان کی شراکت پر بے پناہ فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کی شمولیت ہماری عزم کو مضبوط کرتی ہے اور ہمیں ایک کثیر الثقافتی اور روادار معاشرہ بنانے کی تحریک دیتی ہے، جو ہمارے قومی پرچم میں خوبصورتی سے ظاہر ہوتا ہے۔