اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قوم سے یوم آزادی پر اتحاد، لچک اور جامع پیش رفت کے عزم کی تجدید کا مطالبہ کیا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر ’’اے پی پی ‘‘کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی کے نے آزادی کے سفر میں کے پی کے کے کردار اور ہر شہری پر عائد ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ آج آزادی کی اصل روح ہماری تقدیر کے مالک ہونے کے بارے میں ہے ، ایک ایسے پاکستان کی تعمیر جو ہر شہری کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہو، جہاں انصاف، مساوات اور مواقع کی ضمانت ہو۔ اس کا مطلب ہے کہ ترقی کو اپناتے ہوئے اپنی شاندار روایات کا تحفظ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہماری قربانیوں کو مضبوط گورننس اور قومی یکجہتی کے ذریعے احترام دیا جائے۔
کے پی کے کی تاریخی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک آزادی سے لے کر ملک کی سرحدوں کے دفاع، قومی سلامتی میں کردار ادا کرنے اور بحران کے وقت بے گھر خاندانوں کے لیے اپنے دروازے کھولنے تک یہ صوبہ ہمیشہ پاکستان کی کہانی میں سب سے آگے رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لوگوں نے مسلح افواج میں امتیازی خدمات انجام دی ہیں، کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ہماری ثقافت کو تقویت بخشی ہے اور ہر قومی چیلنج میں ثابت قدم رہے ہیں۔گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ بانیان پاکستان اور آزادی پسندوں کی قربانیاں موجودہ نسل کے لیے امانت ہیں۔ ہم نے ترقی کی ہے لیکن حکمرانی کو ہمارے آباؤ اجداد کے وژن کی عکاسی کرنی چاہیے،سب کے لیے انصاف، میرٹ اور وقار کو یقینی بنانا چاہئے۔
یوم آزادی کے اپنے معمولات کے حوالہ سے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں یہ دن کو عوام کے ساتھ گزارنا پسند کرتا ہوں ، پرچم کشائی کی تقریبات میں شرکت کرنا، سکولوں کا دورہ کرنا اور شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کرنا میرا معمول ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی خدمت کرنے کے ہمارے اجتماعی عزم ، فخر کی عکاسی اور تجدید کا دن ہے۔ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کے پی کے کے عوام کی ہمت اور لچک کا اعتراف کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ چاہے جنگ ہو، داخلی سلامتی کے چیلنجز ہوں یا قدرتی آفات، خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ بے مثال بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے مشترکہ اقدار کے فروغ اور قبائلی شناختوں کا احترام کرتے ہوئے قومی اتحاد کو مضبوط کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ہمارا صو بہ ایک ہی پرچم میں مختلف دھاگوں کی مانند ہے، ہر ایک منفرد، پھر بھی ایک شناخت کے لیے ایک ساتھ جڑے ہیں۔
مستقبل کے حوالہ سے گورنر کے پی کے نے صوبہ کیلئے معاشی طور پر متحرک، پرامن اور تعلیم اور اختراع کا مرکز بننے کی اپنی خواہش کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ روزگار کی تخلیق اور صنعتی ترقی میں چیلنجز بدستور موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اپنی آزادی کے بعد کی ذمہ داریوں کو قبول کرنا چاہیے ،ایک بہتر کل کو محفوظ بنانے کے لیے قانون کی پاسداری، ٹیکس ادا کرنا، ایمانداری سے کام کرنا اور ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہئے۔گورنر نے صوبے کے نوجوانوں سے خصوصی امید ظاہر کی اور انہیں "مستقبل کے معمار” قرار دیا جنہیں ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ اور عوامی خدمت میں رہنمائی کرنے کے لیے مہارتوں اور مواقع سے لیس ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ تکنیکی طور پر ترقی یافتہ، معاشی طور پر خود کفیل، ماحولیاتی طور پر پائیدار اور عالمی سطح پر اپنی سیاحت، ثقافت اور ہنر کے لیے پہچانا جاتا ہے۔اپنے یوم آزادی کے پیغامات میں فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ تعلیم کی قدر کریں، بڑوں کا احترام کریں اور ایمانداری اور حوصلے کے ساتھ مستقبل کی تشکیل کریں۔ کے پی کے کے نوجوانوں سے انہوں نے کہا کہ متحد رہیں، توجہ مرکوز رکھیں اور اپنی صلاحیت کو کبھی کم نہ سمجھیں۔
اس صوبے نے پاکستان کو ہر میدان میں ہیرو دیا ہے ، اب آپ کی باری ہے کہ اس ورثے کو آگے بڑھائیں۔خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، انہوں نے تعلیم، معیشت اور قیادت میں ان کی بھرپور شرکت کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی طور پر آزاد پاکستان وہ ہے جہاں خواتین ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں۔
قوم کے نام اپنے پیغام میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے یاد دلایا کہ آزادی محض کیلنڈر کی تاریخ نہیں ہے،یہ ایک ذمہ داری ہے جو ہم ہر روز اٹھاتے ہیں۔ آئیے ہم اپنے شہداء کی عزت کریں، اپنے اتحاد کی حفاظت کریں اور ایک مضبوط، منصفانہ اور زیادہ خوشحال پاکستان کے لیے انتھک محنت کریں۔