قاہرہ۔26اکتوبر (اے پی پی):مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نےکہا ہے کہ ان کے ملک نے اپنی پوری تاریخ میں اپنی سرحدوں کو عبور نہیں کیا اور اس کے تمام اہداف اپنی سرحدوں کی حفاظت اور اپنی قومی سلامتی کو محفوظ بنانا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز سوئز میں فورتھ آرمرڈ ڈویژن کی جنگی صلاحیت اور تیاریوں کے معائنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مصر تمام بحرانوں سے استدلال اور صبر کے ساتھ نمٹتا ہے تاکہ طاقت کے استعمال کے بغیر مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دفاع میں اپنی طاقت کو فہم و فراست کے ساتھ استعمال کریں گے۔ مصری صدر نے غزہ کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ میں جاری کشیدگی پر قابو پانے اور کسی نہ کسی شکل میں جنگ بندی تک پہنچنے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل سفارتی ذرائع سے ممکن ہے اور ہم تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر مصری تھرڈ فیلڈ آرمی کے کمانڈر میجر جنرل اسٹاف شریف جودا العرایشی نے کہا کہ مصری فوج اپنی ذمہ داریوں کے دائرہ کار میں کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داری کے دائرہ کار کے اندر یا کسی اور جگہ جس پر ہمیں لانچ کرنے کے لیے تفویض کیا گیا ہے اس کے لیے تیار ہیں۔