اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پوری قوم کو تاریخی فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نے ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ یوم تشکر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دفاع وطن میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان عظیم قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج نے دشمن کے جارحانہ عزائم کو خاک میں ملا کر ثابت کر دیا کہ ہم ایک پرعزم، بہادر اور ناقابل تسخیر قوم ہیں۔سیدال خان نے کہا کہ 10 مئی کے بعد کی فضا میں امید، اتحاد اور قومی غیرت کی ایک نئی روح دوڑ گئی ہے۔ پاکستان نے جس جرات، نظم و ضبط اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، اس نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پارلیمان، عوام، نوجوانوں اور میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے اس نازک وقت میں یکجہتی اور قومی شعور کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی قیادت نے تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے مسلح افواج کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ قوم اپنی فوج کے ساتھ ہے اور ہر فرد دفاع وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔