اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آبادی بڑھنے کے مسائل پر قابو پانے کے لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ایک پُرامن، منصفانہ اور پُرامید مستقبل کی بنیاد رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر خصوصی پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے اقوام متحدہ کے موضوع کے مطابق ہمیں نوجوانوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے اور ایسا مستقبل تعمیر کرنا ہے جہاں ہر فرد کو اپنی تقدیر سنوارنے کا حق حاصل ہو، ایک ایسا مستقبل جو منصفانہ، پائیدار، پُرامن اور امید سے بھرپور ہو۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کی تعداد پورے ملک کے دیگر صوبوں سے زیادہ ہے ، خیبر پختونخوا میں بدامنی سے سب سے زیادہ نوجوان متاثر ہورہے ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے میرٹ کے بجائے نوکریاں بیچی جارہی ہیں صوبہ میں کھیلوں کے لئے معیاری گراؤنڈز تک نہیں اور صوبہ کو دہشت گردوں کے حوالہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے سب سے بڑی آبادی جو نوجوانوں پر مشتمل ہے کے مستقبل کو محفوظ اور روشن بناکر صوبہ کو ترقی دینی ہے تو اپنی حالیہ روش ترک کرنا ہوگی ۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بڑی تعداد میں نوجوان موجود ہیں جو تبدیلی کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن ان کے راستے میں متعدد رکاوٹیں حائل ہیں جن میں معاشی غیر یقینی، صحت و تعلیم کی محدود سہولیات، صنفی عدم مساوات اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز شامل ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی بہت سے نوجوان وہ خاندان نہیں بنا پاتے جو وہ چاہتے ہیں کیونکہ انہیں معاشی، سماجی یا طبی مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔گورنر نے حکومت، پالیسی ساز اداروں اور متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی آواز کو سنیں اور ان کی ضروریات کو ترجیح دیں، صرف خدمات کی فراہمی کافی نہیں، نوجوانوں کو ایک پُرامن اور مستحکم معاشرہ چاہیے جہاں وہ خود کو محفوظ اور بااعتماد محسوس کریں۔