ہم سب کو ملک میں استحکام لانے کا عزم کرنا ہوگا ،گورنر سندھ

112

کراچی۔ 13 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اس سال ہم ملک میں استحکام پیدا کرنے کے” عزم استحکام "کے ساتھ جشن آزادی منا رہے ہیں،قومی ترقی و استحکام اجتماعی کوششوں سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ 78ویں یوم آزادی کی مناسبت سے "اے پی پی” کو انٹرویو دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آج سے 77 برس پہلے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور ان کے ساتھیوں کی جدوجہد کے نتیجے میں ہم ایک آزاد قوم بنے اور ہمیں یقین ہے کہ آزادی کا ثمر ضرور ملے گا۔

یوم آزادی پر رواں سال کو پاکستان کی ترقی کا سال قرار دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ، محترمہ فاطمہ جناحؒ، لیاقت علی خان اور تحریک پاکستان کے دیگر قائدین ہمارے رول ماڈل اور قوم کے ہیروز ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بانی پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کے عزم کو آگے بڑھانا ہے تاکہ ملک ترقی کی منازل طے کر سکے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس سال ہم ملک میں استحکام پیدا کرنے کے” عزم استحکام "کے ساتھ جشن آزادی منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملک میں استحکام لانے کا عزم کرنا ہوگا تاکہ پاکستان مستحکم ملک بن سکے، گورنر نے امید ظاہر کی کہ قومی استحکام کا خواب اجتماعی کوششوں سے ہی پورا ہو سکتا ہے۔