اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے تمام اہل وطن کویوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان اپنی محنت اور لگن سے ملک کی تقدیر بدلنے کا عہد کر یں، آج ہم سب کو پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کا وعدہ کرنا ہو گا۔ بدھ کویوم آزادی کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ تمام اہل وطن کو یوم آزادی مبارک ہو،ہم اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوان اپنی محنت اور لگن سے ملک کی تقدیر بدلنے کا عہد کر یں۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ آج ہم سب کو پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کا وعدہ کرنا ہو گا، ارض پاک کی بنیادوں میں ہجرت کرنے والوں کا لہو ہم سب پر قرض ہے،انہوں نے کہا کہ اس یوم آزادی کو یاد گار بناتے ہوئے ہر پاکستانی خصو صی طور پر نوجوان میدان عمل میں اتریں،نوجوانوں سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔