ہم سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں جبکہ پی ٹی آ ئی والے سیاست ،پی ٹی آئی کے رہنما پیسے لے کر اداروں کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں، عطا تارڑ

126
ہم سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں جبکہ پی ٹی آ ئی والے سیاست ،پی ٹی آئی کے رہنما پیسے لے کر اداروں کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں، عطا تارڑ

لاہور۔7ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہم سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں جبکہ پی ٹی آ ئی والے سیاست کر رہے ہیں ،پی ٹی آئی کے رہنما پیسے لے کر حساس اداروں کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں،جو ادارہ ملکی دفاع کی خاطر جانیں قربان کر رہا ہے اورسیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے، پی ٹی آ ئی ان کیخلاف گندی سیاست کر رہی ہے،پی ٹی آ ئی چوروں کا ٹولہ ہے جنہوں نے چار سال تک ملک کو بڑی بے دردی سے لوٹا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ عطا تارڑ نے کہاکہ ہم سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں جبکہ پی ٹی آ ئی والے سیاست کر رہے ہیں،ان کو صرف اپنی توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ میں کی گئی کرپشن کو چھپانے کی فکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بے حسی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ اس وقت قدرتی آ فت کے دوران بھی اپنی سیاست کو چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کا ایک بھی رہنما سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے باہر نہیں نکلا،ہم سیلا ب متاثرین کی مشکلات کو ختم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں جبکہ یہ لوگ سیاست سیاست کھیل رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے نے اپنے ایک انٹرویو میں آئی ایم ایف سے کہا کہ پاکستان کو امداد نہ دی جائے تاکہ خدا نخواستہ ملک دیوالیہ ہو جائے، ان کو صرف اپنی کرپشن چھپانے کی فکر ہے، پی ٹی آ ئی والے چوروں کا ایک ٹولہ ہے جنہوں نے چار سال ملک کو بڑی بے دردی سے لوٹا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ،یہ بے حس ہو چکی ہے، پی ٹی آئی کے پشاورکے جلسے میں لوگ اس لیے نہیں آئے کہ یہ لوگ فوج کے خلاف باتیں کرتے ہیں،پی ٹی آئی والے سیلاب متاثرین کی مدد کرنا اپنا فرض نہیں سمجھتے یہ صرف لوٹ مار میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں پاک فوج کے خلاف جو نعرے بازی کی جارہی ہے، ان کے خلاف تقریریں کی جارہی ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ ان کے جلسوں میں نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاک فوج کے خلاف بیان بازی اس لیے کر رہے ہیں کہ وہ اپنی چوری کو چھپانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی ایک ایسی نسل تیار کررہی ہے جس کو جھوٹ پر پالا جارہا ہے اور ان کی تربیت بد تہذیبی پر کی جارہی ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ فواد چوہدری جو ابن الوقت ہیں جنہیں میں اکثر کہتا ہوں کہ” ڈبو ایک ہی ابو” وہ ہر روز اپنا قائد بدلتا ہے اور ان کی محبت میں اتنا آگے نکل جاتا ہے کہ وہ دوسری سیاسی جماعت کو گالی دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فوادچوہدری کے ہماری جماعت سے بھی رابطے ہیں اورپیپلزپارٹی سے بھی لیکن ان کی یہ کوشش ہے کہ عمران خان جن کی کشتی ڈ وب چکی ہے اس کو مکمل طور پر ڈبو دیا جائے،فواد چوہدری سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عمران خان کو غلط مشورے دیتے ہیں اور یہ ان کی تباہی کا سبب بنیں گے ۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانا اور غلط پراپیگنڈے کرنا فواد چوہدری کا پرانا وطیرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیان کے حوالے سے آ ئی ایس پی آر کا رد عمل ضرورت سے زیادہ رد عمل ہے۔جو ادارہ اس مشکل وقت میں سیلاب کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو نبھا رہا ہے اس کے خلاف بھی پی ٹی آ ئی والے اپنے جلسوں میں نعرے بازی کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آ ئی والوں کو شرم آ نی چاہیے کہ پیسے بیرون ملک سے خود لیتے ہیں اور بین الاقوامی سازش کا طعنہ ہمیں دیتے ہیں،پنجاب میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں،عمران خان کو سارا تحفظ پنجاب حکومت فراہم کر رہی ہے،پنجاب میں مونس الہی عمران خان کا آ لہ کار بنا ہوا ہے، عمران پرویز گٹھ جوڑ پا ک فوج مخالف بیانیے کی بنیاد بن رہا ہے، پنجاب کے فنانس سیکرٹری اور چیف سیکرٹری نے آئی ایم ایف کو خط نہ لکھ کر محب وطن ہو نے کا ثبوت دیا ہے۔