ہم فخر کے ساتھ اپنی آزادی کا جشن مناتے ہوئے، اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،گورنر بلوچستان

122

کوئٹہ۔ 13 اگست (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ 14اگست کوہم پاکستان کی آزادی کی 77 ویں سالگرہ پر ہم دراصل برصغیر پاک و ہند کی اس آزادی کے حصول کیلئے دی گئی بےشمار قربانیوں کی یاد منا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے گورنرہائوس سے جاری کردہ پیغام میں کہی۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ جس سے ہم آج آزادی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، ہم فخر کے ساتھ اپنی آزادی کا جشن مناتے ہوئے، اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں، تکالیف اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ اپنی نئی نسل کو یہ ذہن نشین کرانا ضروری ہے کہ برصغیر پاک و ہند کی آزادی میں ہمارے اکابرین کی قربانیاں شامل ہیں اور آل انڈیا مسلم لیگ کو مضبوط بنانے میں بھی وہ پیش پیش رہے ہیں،آزادی اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت ہے اور اس کو برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے،آئیے ہم سب ملکر اپنی آزادی، اتحاد اور پاکستان کے غیر متزلزل جذبے کی خوشی منانے کیلئے اکٹھے ہوں۔

ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک مضبوط، معتدل اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کریں، ہم اپنے اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اختلاف رائے کا احترام ،رواداری اور پائیدار معاشی ترقی کے رجحان کو فروغ دینے کا عہد کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے ملک و قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ،آمین۔