لاہور۔ 16 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آنا شروع ہو جائے گی ملک کو مشکل حالات سے باہر لے آئے ہیں۔ 2018 میں ایک اناڑی کی حکومت نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کی خواہش تھی کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے ۔ آئندہ بھی پاکستان کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے جس کیلئے روڈ میپ تیار ہے سب جانتے ہیں کہ کس نے سیاست کی اور کس نے انتشار پھیلایا۔پی ٹی ائی نے سی پیک منصوبوں کو نقصان پہنچایا ملک میں ترقی کے منصوبوں کو دوبارہ چالو کر رہے ہیں، ملک اب دوبارہ ترقی کی طرف اپنا رخ متعین کر رہا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار و چوک سیالکوٹ سے جیسڑ کینٹ تک روڈ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارلیمنٹری سیکرٹری علی زاہد خاں سابق ممبر صوبائی رانا لیاقت سیاسی و سماجی رہنمائوں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاکہ سابقہ دور حکومت ایک اناڑی نے تجربے کرتے ہوئے ملکی معیشت کو تباہ برباد کر دیااور ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب کر دیاہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے اپنی سیاست کو دا وپر لگا دیا اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی پوری کوشش تھی کہ کسی طرح یہ ملک ڈیفالٹ کر جائے ملک کی معیشت کو ٹریک پر لانے کے لیے پہلے بھی اپنا مثبت کردا ر ادا کیا اور آئندہ بھی حکومت میں آ کر اپنا کردار ادا کریں گے جس کیلئے روڈ میپ تیار ہے۔
انہوں نے کہاکہ لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی ہے سیالکوٹ سے کرتار پور روڈ اہم تجارتی اور دفاعی روڈ ہے اس کی تعمیر سے نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع ترقی کریں گے، ہمارے مخالفین کہتے تھے سڑکوں سے ترقی نہیں ہوتی حالانکہ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا رازان کے کمیونیکشن سسٹم کی بہتری پر منحصر ہوتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو مرغی انڈے کے خواب دکھائے۔ہم پاکستان کے کونے کونے میں یونیورسٹیاں کھول رہے ہیں ۔ہم نے دوبارہ حکومت میں آکر یونیورسٹیوں کے بجٹ میں ڈیڑھ سو فیصد اضافہ کیانوجوانوں کو لیپ ٹاپ کا راستہ دکھایا۔
آج وزیر اعظم محمد شہباز شریف یونیورسٹی جا کے پاکستان کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے رہیں ہیں تاکہ ہمارا نوجوان جدید علم سے ہم آہنگ ہو سکے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے نئے ریکارڈ منصوبے لگے، 4 سال کے عرصے میں 2 ہزار کلومیٹر کی موٹرویز کا جال بچھایا گیا، ہم پاکستان میں ترقی کے منصوبوں کو دوبارہ چالو کر رہے ہیں، پاکستان اب دوبارہ ترقی کی طرف اپنا رخ متعین کر رہا ہے ۔ گوادر کے لیے ایران سے سو میگا واٹ بجلی کی ٹرانسمیشن لائن مکمل کی اور انرجی کے بیشتر منصوبے مکمل کئے ۔اتحادی حکومت کی وجہ سے دوست ممالک کااعتماد بحال ہواجلد ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی طرف سی پیک کے حوالے سے متوجہ ہورہی تھی، پاکستان دنیا کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن رہا تھا، 2018 کی تبدیلی پاکستان کے عوام کیلئے ڈرئوانا خواب بن گئی ۔پی ٹی آئی نے سی پیک منصوبوں کو بہت نقصان پہنچایا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے گوادر میں منصوبوں کو روک کر عوام میں بے چینی پیدا کی ایک اناڑی اور ناتجربہ کار کو صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ دیا گیا، جس نے اپنے ٹولے کو مل کو لوٹنے کے لیے بنی گالہ میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے کھلی اجازت دی، جس کے نتیجے میں تمام سرمایہ کار ملک چھوڑ کر چلے گئے اور ترقی کے تمام منصوبے بند ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدار کی ہوس میں سیاسی اور جمہوری اقدار کو پامال کیا پی ٹی آئی دور میں سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا گیامحمد نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے جبر کا مقابلہ کیا ۔محمدنوازشریف کو جھوٹے مقدمے میں سزا ہوئی تو شیروں کی طرح بیٹی کے ساتھ عوام میں آیا۔ہم نے جیلوں کی چکیاں پیسیں حتی کہ میں نے تو گولی بھی کھائی ۔ چار سالوں میں عمران خان نے ظلم کے پہاڑ توڑے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ گرفتاری سے بچنے کے لیے کارکنوں کو ڈھال بنانے والا لیڈر نہیں ہو سکتا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی وقت پورا ہونے پر حکومت چھوڑ دیں گے ۔ا نتخابات میں بھرپور طریقے سے آئیں گے اور دوبارہ حکومت بناکر ملک کوایشئین ٹائیگر بنانے کا خواب پورا کریں گے۔