اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نےکشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے منصفانہ مقصد کےلئے کھڑے ہیں اور ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عالمی سطح پر کشمیر کاز کے لیے آواز بلند کی تھی اور پاکستان اس موقف پر قائم ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر اور علاقائی امن کا براہ راست تعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ حکومت پاکستان، بی آئی ایس پی اور پاکستانی عوام کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، ہم ان کے منصفانہ مقصد کے لیے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے