ہم 57 شہداءکے وارث ہیں، پاکستان پولیس نے شہداءکی داستانیں رقم کیں، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز وفاقی پولیس اویس احمد کا تقریب سے خطاب

60

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز وفاقی پولیس اویس احمد نے کہا ہے کہ ہم 57 شہداءکے وارث ہیں، پاکستان پولیس نے شہداءکی داستانیں رقم کیں، ہمارے شہداءنے فرض کی ادائیگی کے ساتھ اس مٹی کا پوراحق ادا کیا،ہم بحیثیت قوم اپنے شہداءکی لازوال قربانیوں کے مقروض ہیں، سلام ان عظیم خاندانوں کو جن کے بہادر سپوت اور جگر گوشوں نے وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ وہ جمعرات کو یہاں ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائن ہیڈ کوارٹراسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقادکیا گیا، ڈی آئی جی لاءاینڈ آرڈر فرید شاہ ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز اویس احمد اور ڈی آئی جی سیف سٹی رومیل اکرم نے پولیس لائن ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہداءپر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداءپولیس کے ایصال ثواب اوربلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی،پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی تقریب میں شہدائے پولیس کی فیملیز ،سماجی شخصیات ،پولیس افسران و جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے57افسران وجوانوں نے ملک کی خاطر اور اس میں رہنے والے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداءنے فرض کی ادائیگی کے ساتھ اس مٹی کا پوراحق ادا کیا ہم بحیثیت قوم اپنے شہداءکی لازوال قربانیوں کے مقروض ہیں۔سلام ان عظیم خاندانوں کو جن کے بہادر سپوت اور جگر گوشوں نے وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ، میرا سلام ہے ان مائوں کو جن کے بہادر سپوتوں نے مادر ارض کی حفاظت کرتے ہوئے سیکورٹی اداروں کے ساتھ ملکرانسداد دہشتگری میں کلیدی کردارادا کیا اور وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،اس موقع پر ڈی آئی جی لاءاینڈآرڈ فرید شاہ نے کہا کہ آج اس جگہ جمع ہونے کا مقصد ان شہداءکی قربانیوں کو یاد کرنا اور انکو خراج تحسین پیش کرنا ہے اوران کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے،

ہمارے نڈر بہادر پولیس افسران جنہوں نے اس ملک وقوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے ہم سے ہمیشہ کے لیے جدا ہو گئے ہیں مگر وہ عظیم لوگ نہ صرف ہمارے دلوں میں رہیں گئے، بلکہ ان کا نام ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا اور یاد رکھا جائے گا، ہمیں ان پر فخر ہے کہ وہ اپنے ملک کی خاطر شہادت کے بلند ترین رتبہ پر فائز ہوئے کیونکہ یہ مقام ہر کسی کے نصیب نہیں ہوتا اس قربانی کے لیے اللہ تعالی اپنے خاص بندوں کو چنتاہے،

ہمارے افسران و جوانوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاوہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں اورانکی قر بانیوں کو کھبی فراموش نہیں کیا جائے گا ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے کہاکہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بے حد مشکورہے، جنہوں نے اسلام آباد پولیس کے شہداءکےلئے شہداءپیکج منظورکیا ،شہداءکی فیملیز کی ویلفئیر اور انکے تمام تر مسائل کے حل اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،

تقریب کے اختتام پر شہداءکی فیملیز میں چیک اورتحائف بھی تقسیم کئے گئے، شہداءکی فیملیز نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے ہر ممکن تعاون پر اسلام آبا د کیپیٹل پولیس کا شکریہ اداکیا،شہدائے پولیس کے ایصال ثواب اور بلند درجات کیلئے پولیس لائن ہیڈکواٹرز میں قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔